لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے عید کی تعطیلات کے دوران زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کےخلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے وکیل کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا ہے۔
بشرٰی بی بی کی جانب سے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں وزارت داخلہ، آئی جی پنجاب اور ایف آئی اے کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے پولیس کو زمان پارک میں ممکنہ آپریشن روکنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ایک ہی نوعیت کی درخواستیں باربارکیوں دائرکی جاتی ہیں۔ معاملہ جب پہلے ہی لارجر بنچ کے زیر سماعت تھا تو علیحدہ سے یہ درخواست کیوں دائر کی۔
ان ریمارکس کے ساتھ عدالت نے بشرٰی بی بی کے وکیل اظہر صدیق کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
درخواست میں بشرٰی بی بی نے موقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان کی غیر موجودگی میں پولیس نے زمان پارک میں واقع ہمارے گھر پر پہلے بھی دھاوا بولا تھا جس کے دوران گھر کے اندر پولیس کی توڑ پھوڑ کاریکارڈ موجود ہے۔
عید الفطر کی تعطیلات کے دوران زمان پارک میں مبینہ آپریشن کی اطلاعات کے پیش نظر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پولیس کو عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم دیا جائے۔