لکی مروت میں پہاڑ خیل تھل میں دہشت گردوں کے خلاف پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی کی گئی جس کے دوران سی ٹی ڈی انسپیکٹر شہید اور ایک اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ دو دہشت گرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی کی پریس ریلیز کے مطابق ٹیکنیل بنیادوں پر تصدیق ہو کرعلاقہ تھانہ لکی پہارخیل تھل میں دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے مشترکہ ٹیم جب مطلوبہ مقام پر پہنچی تو مخالف سمت سے جوانوں پر ہینڈ گرینیڈ، بم بلاسٹ سے حملہ اور فائرنگ کردی گئی۔
اپنی حفاظت اور دہشت گردوں کی گرفتاری کی خاطر آپریشن ٹیم کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں مطلوب 2 اہم دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشت گرد پولیس پر ہینڈ گرینیڈ حملوں، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ بم دھماکوں میں بھی ملوث تھے جن کی پہچان پہاڑ خیل کے رہائشیوں انور عرف خانی ولد عنایت اللہ اور نعمان ولد عرب خان کے ناموں سے ہوئی۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد ہوئے۔ دونوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے ہینڈ گرینڈ پھینکے جانے اور فائرنگ سے آپریشن ٹیم کے ایک سی ٹی ڈی انسپکٹر جاوید اقبال اور ایک اہلکار عرفان زخمی ہوگئے۔
سی ٹی ڈی، مقامی پولیس اور پاک فوج کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔