خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں رات گئے دہشتگردوں نے پوسٹ گریجویٹ کالج میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چند جوانوں کے زخمی جبکہ متعدد دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق لکی مروت میں رات گئے پوسٹ گریجویٹ کالج میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ اس کے بعد سے اب تک زور دار دھماکوں اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عمارت کو گھیرے میں لے کرآپریشن شروع کر دیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ضلع کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ تمام متعلقہ اسٹاف کو فوری طور پر اسپتال پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں دی گئی ہیں جبکہ مقامی ذرائع کے مطابق کچھ نوجوانوں کے زخمی ہونے اور متعدد دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔