مشہور و معروف گلوکار عاطف اسلم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے معروف سیاستدان شیر افضل کا جملہ’ وڑ گیا‘ استعمال کیا ہے۔ گلوکار کے مداح ان کی ویڈیو کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار عاطف اسلم ایک پر فضا مقام پر کھڑے ہیں اور اپنے کسی دوست کو وائس نوٹ بھیجنے میں مشکلات کا شکار نظر آرہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلوکار عاطف اسلم کی ہسپانوی سیاح کے ساتھ وائرل ویڈیو میں کیا ہے؟
میسج ریکارڈ کرتے ہوئے عاطف اسلم قہقہہ لگاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’یار میں نے کہا تھا نا کہ بڑی فٹ جگہ ہے، پانی بڑا زبردست ہے، زبردست لوگ ہیں، کھانا بھی بڑا اچھا ہے، تجھے ہونا چاہیے تھا یہاں اس سب کا تجربہ کرنے کے لیے‘۔
اتنا طویل وائس نوٹ ریکارڈ کرنے کے بعد وہ موبائل دیکھتے ہیں تو وہ یہ دیکھ کر جھنجھلا جاتے ہیں کہ وائس نوٹ ریکارڈ ہی نہیں ہوا تھا۔ وہ دوسری بار پھر قہقہہ لگاتے ہوئے پیغام ریکارڈ کرتے ہیں اور پھر ریکارڈ کا بٹن دبانا بھول جاتے ہیں۔ جب وہ مسلسل تیسری بار بھی اپنی کوش میں ناکام ہو جاتے ہیں تو وہ جھنجھلا کر شیر افضل مروت کو کہتے ہیں ’او وڑ گیا بھئی، نہیں جارہا‘۔
View this post on Instagram
ویڈیو پر صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں اور ان کی حسِ مزاح کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے کہا کہ اس سے یہ نتیجہ اخذ کیا جاتا ہے کہ بار بار کوشش کرتے رہیں۔ جبکہ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔














