آرامکو نے سعودی عرب میں تیل اور گیس کے 14 نئے ذخائر دریافت کرلیے

بدھ 9 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیٹرولیم اور گیس کی مشہور سعودی کمپنی آرامکو کو بڑی کامیابی ملی ہے اور سعودی عرب میں تیل اور گیس 14 نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے نئے ذخائر دریافت ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو اس کامیاب دریافت پر مبارک باد پیش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں اسلام آباد میں سعودی کمپنی آرامکو کا پیٹرول پمپ کھل گیا

وزیر توانائی نے بتایا کہ سعودی کمپنی آرامکو کو مشرقی ریجن اور ربع الخالی کے صحرائی علاقے میں یہ کامیابی ملی ہے، جس سے توانائی کے عالمی رہنما کے طور پر سعودی عرب کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مشرقی ریجن کے کنویں ’الجبو 1‘ سے تیل کا اخراج یومیہ 800 بیرل جبکہ صیاھد آئل فیلڈ سے دریافت ہونے والا ذخیرہ یومیہ 630 بیرل ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ دریافتوں کے بعد عیفان آئل فیلڈ کے کنویں ’عیفان 2 ‘ سے یومیہ 2840 بیرل تیل جبکہ وہاں سے یومیہ 0.44 ملین کیوبک فٹ قدرتی گیس حاصل کی جارہی ہے۔

اس کے علاوہ الجبیلہ کے البری آئل فیلڈ کے کنویں سے 520 بیرل یومیہ کی شرح سے ہلکے بہاؤ کے ساتھ خام تیل دریافت ہوا ہے، جبکہ کنویں میں 0.2 ملین مکعب فٹ قدرتی گیس بھی موجود ہے۔

اس کے علاوہ دیگر جگہوں پر بھی وافر مقدار میں خام تیل دریافت ہوا ہے، جبکہ مشرقی صوبے میں قدرتی گیس بھی بڑی مقدار میں ملی ہے۔

سعودی عرب کے وزیر توانائی نے کہاکہ توقع کی جاتی ہے کہ ان نتائج سے معاشی نمو کو آگے بڑھایا جائے گا، اور سعودی عرب کی گھریلو اور بین الاقوامی توانائی کی طلب کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے کی صلاحیت کو تقویت ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں سعودی کمپنی آرامکو کی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری، گیس اینڈ آئل کمپنی کے 40 فیصد حصص خرید لیے

انہوں نے مزید کہاکہ وہ وژن 2030 کے مقاصد سے ہم آہنگ ہیں، جس کا مقصد قدرتی وسائل کی قدر کو زیادہ سے زیادہ کرنا اور عالمی توانائی کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp