امریکا میں مبینہ خفیہ چینی پولیس اسٹیشن پر کریک ڈاؤن: 2 مشتبہ افراد گرفتار

اتوار 30 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی محکمہ انصاف نے نیویارک شہر میں ایک مبینہ خفیہ چینی پولیس اسٹیشن کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ دونوں افراد امریکی شہری ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خفیہ چینی پولیس اسٹیشن مبینہ طور پر جمہوریت کے حامی سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنے میں ملوث تھا۔ امریکی حکام کی جانب سے اس واقعے کو چین کی طرف سے امریکیوں کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی طرح کے واقعات یورپ میں پیش آئے ہیں۔ نیو یارک سٹی میں یہ اسٹیشن چینی حکومت کی طرف سے مقامی چینی باشندوں کی مدد کے لیے قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد شناختی کارڈ یا ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے مقامی چینی باشندوں کو مدد فراہم کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نیو یارک سٹی میں اس اسٹیشن  کو چلانے کے لیے چینی حکومت نے 2 افراد سے معاہدہ کیا، یہ دونوں افراد امریکی شہری ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان دعوؤں کو ثابت کرنے کے لیے بہت کم ٹھوس ثبوت فراہم کیے گئے ہیں اور جس مقامی میڈیا میں یہ رپورٹ کیا گیا اس ادارے کی سنسنی خیز رپورٹنگ کی ایک طویل اور رنگین تاریخ ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس معاملے میں ابھی تک کسی کو مجرم قرار نہیں دیا گیا جب کہ چین سے منسلک افراد پر اس سے پہلے بھی غلط کام کرنے کے شبہ میں ایسی کاروائی ہوئی لیکن بعد میں کچھ ثابت نہیں ہو سکا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp