پاکستان کے سابق نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر معید یوسف نے کہا ہے کہ میرا وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ ہوگا کہ وہ ٹیلی فون پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بات کریں اور ان سے پوچھے کہ کیا ہم ایک دوسرے کی مکمل تباہی چاہتے ہیں؟
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو مودی سے پوچھنا چاہیے کہ دونوں ممالک کو یہیں رہنا ہے ایسے میں کیا آپ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات چاہتے ہیں یا انہیں مہذب ہمسایہ اقوام کی طرح آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں؟
یہ بھی پڑھیے: امریکی وزیرخارجہ کا وزیراعظم شہباز شریف کے بعد بھارتی ہم منصب سے رابطہ، پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنے پر زور
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کوچاہیے کہ وہ مودی کو بتائیں کہ یہاں کے عوام کے جذبات کو میں بھی کنٹرول نہیں کرسکتا کیوں کہ جو بلوچستان میں ہورہا ہے اور جو بھارت کررہا ہے وہ عوام دیکھ رہے ہیں، ایسے میں اگر انڈیا ایٹمی ماحول میں جنگی جنون میں رہنا چاہتا ہے تو یہ اس کی مرضی ہے۔
معید یوسف نے کہا کہ انڈیا نےجس طرح پہلے کیا تھا اسی طرح اس بار بھی کوئی قدم اٹھاسکتا ہے کیوں کہ مودی نے کشیدہ ماحول بنایا ہوا ہے، اس کے لیے پاکستان کو تیار رہنا چاہیے۔