پہلگام حملہ انڈین سکیورٹی اداروں کی ناکامی، انڈیا پاکستان جنگ کا امکان نہیں، سابق سربراہ ’را‘

جمعرات 1 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انڈیا کی خفیہ ایجنسی ’ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ‘ (را) کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت نے کہا ہے کہ پہلگام حملہ انڈین سکیورٹی اداروں کی ناکامی کی وجہ سے ہوا تاہم اس معاملے پر انڈیا اور پاکستان کے درمیان باقاعدہ جنگ کا امکان نہیں ہے بلکہ معاملات بات چیت سے حل ہونے کی توقع ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے ایک انٹرویو میں امرجیت سنگھ نے کہا کہ ’ہر جانب سے یہ سُننے کو ملتا ہے کہ اب بس جنگ ہونے والی ہے، لیکن میں تو یہ کہتا ہوں کہ وار اس دی لاسٹ بیڈ آپشن (جنگ آخری اور سب سے بُرا آپشن) ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے بی بی سی نے پہلگام واقعے پر بھارتی جھوٹ کا پردہ فاش کردیا

’را‘ کے سابق سربراہ نے کہا کہ ابھی پاکستان اور انڈیا کے درمیان کُچھ ماحول خراب ہے مگر اسے ٹھیک کرنے کے اور بھی طریقے ہوتے ہیں جیسا کہ بیک چینل بات چیت۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا یہ( پہلگام واقعہ) سکیورٹی یا انٹیلیجنس کی ناکامی ہے؟ را کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ نے کہا کہ ’پہلگام میں جو بھی ہوا وہ سکیورٹی اداروں کی ناکامی کی وجہ سے ہوا، کیونکہ وہاں سکیورٹی تو تھی ہی نہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’جب ہم انٹیلیجنس کی ناکامی کی بات کرتے ہیں تو ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ کشمیر میں کوئی بھی اہم خبر آپ کو کشمیریوں سے ہی ملے گی، آپ کو تو ایسے میں کشمیریوں کو اپنے ساتھ رکھنا بہت ضروری ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے پہلگام واقعہ: پاکستان کے خلاف مہم جوئی سے انکار پر بھارتی فوج کے جنرل کی چھٹی

اُنھوں نے کہا کہ ’پہلگام حملے میں کشمیریوں کا کوئی قصور نہیں مگر اس کے باوجود انڈیا کے مختلف حصوں سے یہ خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ کشمیریوں کو پہلگام واقعے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، یہ کسی بھی طور مناسب نہیں اور اس سب کا کشمیر کی صورتحال پر اثر پڑے گا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp