پشین کے علاقے بٹے زئی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک پولیس اہلکار کو شہید کردیا ہے، ابتدائی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بٹے زئی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے بلوچستان پولیس کے سب انسپکٹر زین الدین ترین جانبر نہ ہوسکے، فائرنگ کے اس جان لیوا واقعہ کے بعد پولیس اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی ہر صورت کنٹرول کی جائے گی، بلوچستان پولیس
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق ابتدائی کارروائی میں 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، افسوسناک واقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
’شہید کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، صبر و استقامت شہید کے خاندان کا سرمایہ ہے، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
مزید پڑھیں: بلوچستان پولیس کے 200 اہلکار نوکریوں سے برطرف، وجہ کیا بنی؟
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ زین الدین ترین نے فرض کی راہ میں جان قربان کر کے تاریخ رقم کی، حکومت شہید کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی، قوم اپنے ہیروز کو کبھی نہیں بھولے گی۔
واضح رہے کہ شہید پولیس اہلکار زین الدین ترین چمن میں تعینات تھے اور چھٹیوں پر پشین آئے تھے۔