وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تصادم ناگزیر ہوچکا، ہماری پوری تیاری ہے، بھارت کے ہر اقدام کا ہم نے سدباب کیا ہوا ہے۔ اگر پانی روکنے کے لیے کوئی تعمیرات کیں تو تباہ کردیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان میں کوئی جنگی ماحول نہیں ہے اور نہ ہی کوئی خوف ہے۔ بھارت کے ہر اقدام کا ہم نے سدباب کیا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے خدشہ ہے کہ آئندہ 2 سے 3 دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ چِھڑ جائے گی، خواجہ آصف
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تصادم کسی بھی وقت ہوسکتا ہے۔ آج کی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے جارحیت متوقع ہے۔ ہم ہاتھ پر ہاتھ دھر کر نہیں بیٹھے، ہماری پوری تیاری ہے۔ بھارتی رافیل سرحد کے بہت قریب آئے تھے مگر ان کا سسٹم جام ہوگیا۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بھارت نے پانی روکنے کے لیے تعمیرات کیں تو ہم انہیں تباہ کردیں گے۔ بھارتی حکمرانوں نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو وہ اسی میں ڈوب مریں گے۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمران خواب دیکھ رہے ہیں، ان کے خواب خواب ہی رہیں گے۔ ہماری سرزمین کے ایک ٹکڑے پر قبضے کی حکمت عملی بھارت کو بہت مہنگی پڑے گی۔ بھارت کی تمام تیاریاں ہماری نظر میں ہیں، ہم مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے اندر آنے کی کوشش کی تو اسے گھر پہنچا کے آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیے دنیا کے اہم ممالک کوشش میں ہیں کہ پاک بھارت تنازع آگے نہ بڑھے، وزیر دفاع خواجہ آصف
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پر لگانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں، بھارت نے پاکستان کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے، جبکہ پاکستان نے بھی واضح کیا ہے کہ کوئی بھی مہم جوئی کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔