پہلگام واقعے کے بعد لگ رہا تھا کہ بھارت کسی بھی وقت پاکستان پر حملہ کر دےگا، منگل اور بدھ کی درمیانی شب 12 بج کر 40 منٹ پر سب سے پہلے بہاولپور میں کچھ دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں اور پھر چند منٹوں میں میڈیا کی جانب سے بتایا گیا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا ہے۔ بعد ازاں بتایا گیا کہ 6 مختلف مقامات بہاولپور، مریدکے، مظفرآباد، کوٹلی اور دیگر علاقوں پر 24 حملے کیے گئے ہیں۔
بھارتی حملے کے فوری بعد اسلام اباد راولپنڈی میں بھی جنگی طیاروں نے پیٹرولنگ شروع کردی تاکہ دیگر شہروں کی طرح اسلام آباد کو بھی محفوظ بنایا جا سکے۔ ایک بج کر 20 منٹ پر سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے تصدیق کردی گئی کہ بھارت نے بہاولپور میں واقع مسجد سبحان پر حملہ کیا ہے جس میں ایک معصوم بچی شہید ہو گئی جبکہ ایک عورت اور ایک مرد شدید زخمی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پاک فوج کا بھارت کو منہ توڑ جواب، 5 جنگی طیارے اور بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ
اس دوران سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان نے بھارتی حملے کا بھرپور جواب دیا ہے اور جواب میں ایک بھارتی طیارہ تباہ کیا ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے جانے والے حملے کو آپریشن سندھور کا نام دیا گیا۔
بھارت کی جانب سے حملے کے بعد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کرلیا، اس کے علاوہ سول ایوی ایشن نے پاکستان میں آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو 48 گھنٹے کے لیے منسوخ کر دیا، بعض مسافروں جو کہ جہاز میں سوار بھی ہو چکے تھے ان کو جہاز سے اتار دیا گیا۔
رات 2 بجے سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ پاک فضائیہ نے بھارت کا دوسرا جنگی طیارہ بھی مار گرایا ہے جبکہ لائن آف کنٹرول پر بھی بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، جبکہ اسی وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی بھارت کے حملے کو شرمناک قرار دے دیا۔ 2 بج کر 20 منٹ پر سیکیورٹی ذرائع نے جوابی کارروائی میں بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کرنے اور دودھنیال سیکٹر میں بھارتی چیک پوسٹ تباہ کرنے کی خبر دی۔
رات 3 بجے سیکیورٹی ذرائع نے خبر دی کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے اور برنالہ سیکٹر میں بھارتی ڈرون مار گرایا ہے۔ کچھ منٹوں بعد پاک فضائیہ نے ایوانتی پورا کے جنوب میں بھارتی کا جنگی طیارہ رافیل بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا۔
وزیر دفاع خواجہ اصف نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پانچ بھارتی جنگی طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔
صبح سویرے 4 بجے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کے امریکی وزیر خارجہ سے رابطے اور پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کی خبریں سامنے آئیں جس کے بعد چار بج کر 10 منٹ پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹی وی پر گفتگو کی اور بھارتی حملے اور اس سے ہونے والے نقصان سے تفصیلی آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں بھارتی حملوں میں 8 پاکستانی شہید ہوئے، دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
صبح 5 بجے سیکیورٹی ذرائع نے اطلاع دی کہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی گفدار پوسٹ کو بھی تباہ کردیا ہے، پاک فوج لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے انہیں پسپا کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔