پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جن میں 26 بے گناہ شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ پاک فضائیہ نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے اور ایک بڑا ڈرون تباہ کر دیا۔
افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کے جواب میں اور اپنے دفاع میں بھرپور جواب دیا 3 رافیل سمیت بھارت کے 5 جنگی طیارے اور ڈرون مار گرائے، ڈی جی آئی ایس پی آر pic.twitter.com/p4vxzv7hg3
— WE News (@WENewsPk) May 7, 2025
میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ تباہ کیے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو 30 شامل ہے، جبکہ دشمن کا ایک بڑا ڈرون بھی مار گرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے تمام طیارے اور اثاثے محفوظ ہیں اور فضائی دفاع مکمل طور پر فعال ہے۔
مزید پڑھیں: ترکیہ کی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت اور پاکستان سے مکمل اظہارِ یکجہتی
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا ایک اور انتہائی افسوسناک عمل بھارت کی جانب سے یہ کیا گیا کہ بھارت کی جانب سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے نوسیری ڈیم کے اسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا اور اسے نقصان پہنچایا گیا، ہائیڈرو اسٹرکچر کو نشانہ بنایا ایک ناقابل قبول اور خطرناک شر انگیزی ہے، کیا ہندوستان پاکستان کے عوام کے پانی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، کیا بھارت جانتا ہے کہ اس کے کیا اثرات ہوں گے، اس کا کیا مطلب ہے، کیا بین الاقوامی قوانین اور جنگی روایات اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ آپ کسی اور ملک کے پانی کے ذخائر اور ڈیمز کو نشانہ بنائیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے ایک اور خطرناک اور ناقابل قبول حرکت یہ کی گئی کہ جب بھارت نے بزدلانہ کارروائی کی تو اس وقت بہت سی قومی اور بین الاقوامی پروازیں پاکستانی فضائی حدود میں تھیں، ہزاروں کی تعداد میں سویلین مسافروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالی گئیں، حملے کے وقت 57 بین الاقوامی پروازیں پاکستانی فضائی حدود میں تھیں۔
مزید پڑھیں: بھارتی فضائیہ کے تباہ شدہ طیارے کی فوٹیج منظر عام پر آگئی
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں نہتے شہریوں اور مذہبی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مظفر آباد میں مسجد بلال پر کیے گئے حملے میں 3 افراد شہید ہوئے، جبکہ کوٹلی میں 2 بچے جان سے گئے۔ احمد پور شرقیہ میں 13 شہری شہید ہوئے، مریدکے میں 3 شہادتیں اور ایک زخمی رپورٹ ہوا۔
پاکستان اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے ، یہ واضح کر دوں وقت اور جگہ کا تعین ہم کریں گے، بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری pic.twitter.com/mjXfTRpsLF
— WE News (@WENewsPk) May 7, 2025
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان دشمن کی ہر جارحیت کا جواب دے رہا ہے اور دیتا رہے گا۔ پاک دھرتی کا دفاع اور اس پرجان قربان کردینا ہمارا نصب العین ہے۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی غلط فہمی کو جلد ٹھیک کردیا جائے گا، اورپاکستان اپنی سالمیت پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کرے گا۔ پاکستان اپنے وقت، مقام اور طریقۂ کار کے انتخاب کے ساتھ جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔