اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے وقت پاکستانی اسٹارز کی خاموشی پر برہم ہو گئیں اور ان کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
نادیہ خان نے پاکستانی شوبز شخصیات اور معروف یوٹیوبرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمارے ملک پر حملے کر رہا ہے لیکن ان بے شرم لوگوں کو اپنے فالوورز کی پڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوبز شخصیات کو فکر ہو رہی ہے کہ ان کے ڈرامے بھارت میں بند کردیے جائیں گے ان کو یہ سمجھ نہیں آ رہی کہ ہماری افواج سرحدوں پر ہماری حفاظت کے لیے مامور ہے وہ ہماری آنے والی نسلوں کی حفاظت کر رہے ہیں اور ہم ان کے ہی خلاف بولتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ آرٹسٹ اور یوٹیوبرز کی باہر سنی جاتی ہے لیکن وہ خاموش ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کو اسٹارز بنایا لیکن ان کو اپنی فین فالوونگ کی پڑی ہوئی ہے اور وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں کہ ہمارے ڈرامے بند ہو جائیں گے اور ہمارے ویوز نہیں آئیں گے۔
انہوں نے ٹک ٹاکر جنت مرزا کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جب صحافی نے ان سے پاکستان اور انڈیا کی کشیدہ صورتحال پر سوال کیا تو ان کے لیے دو لفنظ بولنا بھی بھاری تھا اور کہہ رہی تھیں کہ میں کچھ نہیں بول سکتی۔ نادیہ خان نے کہا کہ ایسے لوگوں کو ان فالو کر دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نادیہ خان نے فواد خان، ہانیہ عامر اور دیگر اداکاروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی شوبز شخصیات نے پہلگام میں ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں لیکن کبھی انہوں نے فلسطین کے لیے آواز نہیں اٹھائی اور نہ ہی بھارتی حکومت کی جارحیت پر بولتے ہیں۔