پاک بھارت کشیدگی: پاکستان نے اب تک بھارت کے کتنے ڈرونز گرادیے؟

جمعرات 8 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ملک کے مختلف علاقوں میں بھارت کے 25 ڈرونز گرا دیے ہیں۔

ڈرونز گرنے اور حملوں کے واقعات میں اب تک 2 شہری جان سے گئے ہیں جبکہ کم از کم 7 افراد زخمی ہیں جن میں سویلین اور فوجی دونوں شامل ہیں، سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان آنے والے یہ ڈرونز اسرائیلی ساختہ ‘ہیروپ’ تھے جو جاسوسی اور حملوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

اس سے قبل آئی ایس پی آر کے ترجمان نے لیفٹنٹ احمد شریف چوہدری نے کہا تھا کہ 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب کو بھارت نے پاکستان میں ہیروپ ڈرونز بھیجے جن میں سے 12 ڈرونز کو ملک کے مختلف علاقوں میں گرایا گیا ہے۔ تاہم اس کے بعد بھی ڈرونز گرنے اور حملوں کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں جس سے اس تعداد میں اضافہ ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیے: لاہورمیں فوجی تنصیب پر ڈرون حملہ ہوا، انڈیا کی طرف سے ڈرونز بھیجنے کا عمل جاری ہے،جنہیں تباہ کیاجارہا ہے، آئی ایس پی آر

جمعرات کی صبح پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ لاہور کے قریب ایک فوجی تنصیب پر ڈرون حملہ بھی ہوا جس میں فوج کے 4 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ فوجی سازوسامان کو نقصان پہنچا جبکہ سندھ کے علاقے میانو میں ڈرون حملے میں ایک شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب بھارتی ڈرون گرائے گئے ہیں جن کا ملبہ ابھی بھی جمع کیا جارہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے بعد بھی ملک کے مختلف علاقوں سے ڈرونز گرنے کی اطلاعات آرہی ہیں۔

لاہور

والٹن کے علاقے میں 3 سے زائد ڈرونز گرا دیے گئے ہیں جبکہ علاقے میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔

کراچی

کراچی میں فلٹر پلانٹ نزد گلشن حدید ایک ڈرون گرایا گیا ہے۔ اس کے عکلاوہ ملیر شرافی گوٹھ میں بھی انڈین ڈرون گرائے جانے کی اطلاع ہے۔

راؤلپنڈی

مقامی پولیس نے راؤلپنڈی اسٹیڈیم کے قریب ڈرون گرنے 2 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ڈرون گرنے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں مارگرائے جانیوالے اسرائیلی ساختہ ’ہیروپ ڈرونز‘ کیا ہیں؟

اٹک

اٹک کے علاقے جبی کسراں میں ڈرون گرنے سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔

گھوٹکی

سندھ کے علاقے گھوٹکی میں ڈرون گر کر تباہ ہوگیا جس میں 2 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ یہ واقعہ گھوٹکی کے علاقے لغاری گوٹھ میں پیش آیا۔

ننکانہ صاحب

پنجاب کے علاقے ننکانہ صاحب میں دھارووالی گاؤں میں بھارتی ڈرون گر کر تباہ ہوگیا۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ ککے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ڈرون کھیتوں میں گر کر تباہ ہوا۔

پاکستان میں گر کر تباہ ہونے والے ایک بھارتی ڈرون کا ملبہ

گوجرانوالہ

گوجرانوالہ کے علاقے ڈنگہ میں بھی ایک ڈرون کھیتوں میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے پرزے حکام کی طرف سے اکھٹے کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت کے 70 سے 80 جیٹ فائٹرز نے پاکستان پر حملے میں حصہ لیا، اسحاق ڈار

چولستان

پاک فوج نے چولستان میں بھارتی ڈرون کو سرحد کے قریب ہی گرا دیا۔ پولیس کے مطابق ڈرون علاقے کی سرویلینس کے لیے بھیجا گیا تھا۔

شیخوپورہ

شیخورہ میں کھیتوں میں ایک بھارتی ڈرون گر کر تباہ ہوگیا۔ واقعے کے بعد ریسکیو اور پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

ظفروال

ظفروال میں بھی ڈرون گرنے کا واقعہ پیش آیا جسے مقامی افراد نے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

چکوال

پنجاب کے علاقے چکوال میں بھی بھارتی ڈرون گر کر تباہ ہوگیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp