پاکستان کے فضائی حملوں کے خوف سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان ہونے والا میچ روک دیا گیا ہے، دھرم شالہ اسٹیڈیم کے آس پاس کے علاقوں میں پاکستان کی جانب سے ہوائی حملے کی وارننگ جاری کی گئی تھی، جس کی وجہ سے شہر میں ’بلیک آؤٹ‘ ہوگیا۔
پپنجاب کنگز نے 10.1اوور میں ایک وکٹ پر 122 رن بنائے تھے جب لائٹس چلی گئیں، بند ہوگئیں، جس کے بعد دونوں ٹیموں اور تماشائیوں کو اسٹیڈیم سے نکال لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی:انڈین پریمیئر لیگ کے وینیوز میں ردوبدل
اس سے پہلے پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا تھا، جس کی وجہ سے میچ میں مزید خلل پڑا، اب پاکستانی فضائی حملوں کے خوف سے یہ میچ منسوخ کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے خبر دی تھی کہ جمعرات کو مقبوضہ کشمیر کے جموں شہر میں 2 بڑے دھماکوں اور سائرن کی آوازیں سنی گئیں جس کے ساتھ ہی پورے شہر میں بلیک آؤٹ ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی خدشات، پی ایس ایل شیڈول میں تبدیلی کا امکان، بقیہ میچز اب کہاں ہوں گے؟
برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر میں بتایا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے جموں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔ اکھنور، سامبا،کٹھوعہ اور دیگر علاقوں میں دھماکے ہوئے۔
بھارتی میڈیا بھی دعویٰ کررہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پٹھان کوٹ، راجھستان اور پنجاب میں دھماکے ہورہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے میزائل حملوں سے بارڈر سیکیورٹی فورسز، ایئرپورٹس اور آرمی کیمپس کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ایف 16 گرانے کی خبر سفید جھوٹ اور فیک، سیکیورٹی ذرائع
تاہم پاکستان کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حملے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ بھارتی میڈیا پر مقبوضہ کشمیر پر حملے کی خبریں فیک اور جھوٹ ہیں، ان فیک خبروں کو پھیلانے کا مقصد یہ ناکام اور جھوٹا تاثر پیدا کرنا ہے کہ پاکستان بھی بھارت پر حملہ کر رہا ہے۔ ان جھوٹی خبروں کو پھیلا کر بھارت پاکستان پر اپنی ننگی جارحیت جاری رکھنے کا مسلسل جھوٹا جواز پیدا کرنا چاہتا ہے۔
بھارت نے اس سے قبل امرتسر پر حملے کی جھوٹی خبر چلائی، امرتسر پر حملے کی جھوٹی خبر پھیلانے کا مقصد سکھ برادری کو پاکستان کے خلاف کرنا تھا۔