پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے کن ممالک نے رابطے کیے؟

ہفتہ 10 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان المرصوص کے آغاز کے بعد کئی ممالک پاکستان، کئی ممالک بھارت اور کئی ممالک دونوں ملکوں سے رابطہ کرکے کشیدگی کم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

اس وقت مغربی ممالک کے ساتھ ساتھ خلیجی ممالک بھی دونوں ملکوں کے مابین کشیدگی کم کرنے اور ثالثی کردار کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بین الاقوامی میڈیا میں آپریشن ’بُنیان مَرصُوص‘ کی گونج

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کشیدگی کم کرنے کے لئے کوئی راستہ نکالیں۔ اُنہوں نے دونوں ممالک کو بات چیت کے لئے امریکی سہولت کاری کی بھی پیش کش کی۔

پاک بھارت جنگی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے لیے جی سیون ممالک نے دونوں ملکوں سے کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔

جی سیون وزرائے خارجہ جن میں کینیڈا، جرمنی، جاپان، اٹلی، برطانیہ، امریکہ اور یورپی یونین کے نمائندے شامل ہیں اُنہوں نے کینیڈا سے جاری ایک پریس ریلیز میں دونوں ملکوں پر کشیدگی کم کرنے کے زور دیا ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کشیدگی میں اضافہ علاقائی استحکام کے لیے شدید خطرہ ہے جس پر ہمیں تشویش ہے۔ ہمیں دونوں ملکوں میں عام شہریوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کے بارے میں تحفظات ہیں۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور دونوں ملکوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ براہِ راست ایک دوسرے سے بات چیت کریں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کے بعد امریکی سیکرٹری خارجہ کا آرمی چیف عاصم منیر سے رابطہ

برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے اور خاص طور پر کہا ہے کہ دونوں اطراف کے ذمے داران براہِ راست بات چیت کریں۔

یورپی یونین باضابطہ اور بیک چینل دونوں طریقوں سے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور اُس کے دونوں ممالک میں رابطے ہوئے ہیں۔

تُرک وزیرخارجہ سے رابطہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی تُرک وزیرخارجہ خاقان فیدان سے ٹیلیفونک گفتگو۔

نائب وزیراعظم نے ترک وزیرخارجہ کو تازہ علاقائی صورتحال اور بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستانی ردعمل سے آگاہ کیا۔

ترک وزیرخارجہ نے پاکستان کے تحمل پر مبنی نپے تلے ردّعمل کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے بحال رکھنے پر اتفاق کیا۔

سعودی عرب کا پاکستان اور بھارتی وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے آج پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈاراور بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر سےالگ الگ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطہ۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کے بعد امریکی سیکرٹری خارجہ کا آرمی چیف عاصم منیر سے رابطہ

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ کو علاقائی صورتحال بالخصوص گزشتہ رات بھارتی حملے اور پاکستانی ردّعمل سے آگاہ کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان میں معصوم شہریوں کی شہادت پر تعزیت کی اور پاکستان کے نپے تلے اور متحمل رد عمل کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے بحال رکھنے پر اتفاق کیا۔

بھارتی وزیرخارجہ سے رابطہ

دوسری جانب وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے آج ہی کے روز بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp