بھارت کی جانب سے دوبارہ جارحیت کا امکان موجود ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

بدھ 14 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دوبارہ جارحیت کا امکان ضرور موجود ہے لیکن اس بار ہمارے جواب کے ساتھ ساتھ عالمی ردعمل بھی آئےگا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم مودی بوکھلاہٹ میں کوئی بھی حرکت کر سکتا ہے، کیوں کہ اس کا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہوگی، پاکستان نے بھارت کے خطوط کا جواب دیدیا

انہوں نے کہاکہ مودی نے کوئی قدم اٹھایا تو ساری دنیا ایک ہی کیمپ میں اکٹھی ہو جائےگی، حالیہ جنگ کے دوران بھی امریکا سمیت تمام دوست ممالک ہمارے ساتھ آن بورڈ تھے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کے خلاف جوابی کارروائی میں دوست ممالک کی خاموش حمایت شامل تھی، جبکہ سیز فائر بھی دوست ممالک کے کہنے پر کیا۔

وزیر دفاع نے کہاکہ بھارت مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کے لیے تیار ہوا ہے جو ہماری کامیابی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ یہ پہلی لڑائی تھی جس میں سائبر وار فیئر ہوا ہے، اور ہم نے اس میں بھی بھارت کو شکست دی۔

خواجہ آصف نے مزید کہاکہ جو ممالک کل تک پاکستان کو سیریس نہیں لے رہے تھے آج احترام اور عزت کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 10 مئی کو پاکستان کی جانب سے بھارت کو دیے گئے منہ توڑ جواب کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت کی تھانیداری ختم کردی، دوبارہ جارحیت کی تو ایسا جواب دیں گے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف

گزشتہ روز سعودی عرب میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ میں چاہوں گا پاکستان اور بھارت کے رہنما ایک ساتھ ڈنر کریں، وہ جنگ کے بجائے آپس میں تجارت کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp