گلگت بلتستان اسمبلی: بھارتی جارحیت کے خلاف قراردادیں متفقہ طور پر منظور

جمعرات 15 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان اسمبلی نے حالیہ بھارتی جنگی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کے عوام بھارتی عزائم خاک میں ملا دینے کے لیے پرعزم

یہ قراردادیں ایوان میں اپوزیشن اور حکومتی بینچوں کی جانب سے پیش کی گئیں جن میں افواج پاکستان کے کامیاب دفاعی اقدامات اور قوم کی جرات کو سراہا گیا۔

قرارداد میں آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے تحت پاک فوج کی بروقت اور بھرپور کارروائی کو عسکری تاریخ کا سنہری باب قرار دیا گیا۔ ایوان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ 5 روزہ جنگ نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم نہ صرف باوقار اور غیرت مند ہے بلکہ غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل بھی ہے۔

قراردادوں میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی حکومت، افواج، ذرائع ابلاغ اور عوام نے قومی وقار کا بے مثال مظاہرہ کیا۔

بھارت کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کو صرف 5 دن میں شکست میں بدل دینا، افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی یکجہتی کا ثبوت ہے۔

مزید پڑھیے: آپریشن بنیان مرصوص: پاک فوج کی پٹھان کوٹ کو ٹارگٹ کرنے کی ویڈیو منظرعام پر

ایوان نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی جنگی حکمتِ عملی، خطے کے امن اور استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کے جارحانہ عزائم اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے اقدامات کا سنجیدہ نوٹس لے، جو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

قائد ایوان وزیر اعلی حاجی گلبر خان کا خطاب

قائد ایوان گلگت بلتستان اسمبلی حاجی گلبر خان نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی تاہم افواجِ پاکستان نے جس جرات اور حکمت سے دشمن کا مقابلہ کیا وہ قابل فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور گلگت بلتستان کے عوام افواج پاکستان کو خراج تحسین اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں امن وامان خراب کرنے کی سازش کو ناکام بنادیا، وزیراعلیٰ

حاجی گلبر خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گلگت بلتستان کے عوام سنہ 1947 سے پاکستان کی حکومت اور افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور حالیہ جنگ کے دوران بھی عوام نے اپنی افواج سے بھرپور محبت اور وفاداری کا مظاہرہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp