ایامِ حج سے قبل غلافِ کعبہ زمین سے 3 میٹر بلند کردیا گیا

جمعہ 16 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حسبِ روایت ایامِ حج سے قبل غلافِ کعبہ کو زمین سے 3 میٹر بلند کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد غلافِ کعبہ کو ایامِ حج کے دوران ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھنا اور اس کی صفائی و حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

العربیہ کے مطابق، غلافِ کعبہ کو 15 ذی الحج تک بلند رکھا جائے گا، جبکہ بلند کیے گئے حصے کو چاروں جانب سے سفید سوتی کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق، اس عمل میں غلاف کعبہ فیکٹری کے ماہرین کا ایک خصوصی گروپ شریک ہوتا ہے، اور کارروائی اعلیٰ حکام کی نگرانی میں مکمل کی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں غلاف کعبہ کی تیاری کی تاریخ

حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایامِ حج میں لاکھوں عازمین بیت اللہ کا رخ کرتے ہیں، جن میں بعض افراد غلافِ کعبہ سے لپٹنے یا اسے چومنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ بعض اوقات عازمین جذبات میں آکر غلاف کا کوئی حصہ بطور تبرک کاٹنے کی کوشش بھی کرتے ہیں، جس سے اسے نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ان وجوہات کے پیش نظر ہر سال حج سیزن میں غلافِ کعبہ کو بلند کردیا جاتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام نہ صرف غلافِ کعبہ کی حفاظت بلکہ اس کی حرمت و تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے کیا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp