صدر مملکت آصف علی زرداری نے گوجرانوالہ چھاؤنی کا دورہ کیا ہے، اور بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیابی پر مسلح افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور پختہ عزم کو سراہا، صدر نے مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں اور سویلین شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے گوجرانوالہ چھاؤنی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ان کے ہمراہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں نیویارک ٹائمز نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کو مسلح افواج پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیدیا
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری کی آمد پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا، جبکہ منگلا اور گوجرانوالہ کے کور کے کمانڈرز بھی موجود تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاکہ شہدا کی قربانیاں ایک مقدس امانت اور قوم کا فخر ہیں، وطن کے یہ سپوت غیرمتزلزل عزم کے ساتھ دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ رہے گی کہ مسلح افواج پاکستان نے چند گھنٹوں میں دشمن کے عزائم کو پسپا کردیا۔
پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران صدر مملکت نے ان کے مثالی حوصلے، جنگی تیاری اور اپنے فرض کے ساتھ لگن کو سراہا۔
انہوں نے آپریشن ’بُنیان مرصوص‘ کے کامیاب اختتام پر پاک فوج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں قوم کے محافظوں پر فخر ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیاکہ پاکستانی عوام اپنے بہادر جوانوں کو قومی عزت اور خودمختاری کے حقیقی محافظوں کے طور پر انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔