پاکستانی مسلح افواج کے ہاتھوں آپریشن بنیان مرصوص میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارتی سرکار اور مسلح افواج تاحال سنبھل نہیں سکی ہے، بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی اہمیت کو ختم کرنے کے لیے فتنہ الخوراج کے سابق ترجمان کی خدمات حاصل کرلیں۔
احسان اللہ احسان نے بھارتی اخبار دی سنڈے گارڈین میں شائع ہونیوالے ایک مضمون میں بے بنیاد دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے اندر مزید 2 دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا میں اس طرح کی بے بنیاد خبریں پھیلانے کا مقصد کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کی اہمیت کو ختم کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے، جبکہ حقیقت میں بھارت ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں پہلگام کے بعد مزید فالس فلیگ آپریشنز کی تیاری کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیویارک ٹائمز نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کو مسلح افواج پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیدیا
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اخبار ‘سنڈے گارڈین’ ایک پروپیگنڈا ٹول کے طور پر بھارتی ایجنسی سے منسلک ہے، جسے بھارتی خفیہ ایجنسی را کی مالی معاونت حاصل ہے، فتنہ الخوراج کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کا یہ مضمون بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کی دراصل گواہی ہے۔
رای کی جانب سے مالی اعانت کے بعد یہ اخبار تحریکِ طالبان اور ان کے حامیوں کو میڈیا اور معلوماتی پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، اخبار کا مالک کارتیکیہ شرما، مودی کے قریبی ساتھی اور آر ایس ایس کے سخت گیرنظریات کا حامی ہے۔
دی سنڈے گارڈین کے مرکزی لکھاری ابھینندن مشرا، احسان اللہ احسان کے فرار کی خبر دینے والے پہلے صحافی تھے، جو بھارتی اداروں کی اندرونی مداخلت کو ظاہر کرتا ہے، احسان اللہ احسان فتنہ الخوراج اور بھارتی خفیہ ایجنسی را دونوں سے قریبی تعلق رکھتا اور ان کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: آپریشن بنیان مرصوص: پاک فوج کی پٹھان کوٹ کو ٹارگٹ کرنے کی ویڈیو منظرعام پر
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسیاں احسان اللہ احسان کا نام استعمال کرتے ہوئے معمول کے مطابق مضامین لکھواتی ہیں، احسان اللہ احسان کے ممکنہ طور پر بھارت میں روپوش ہونے کی اطلاع بھارتی ایجنسیوں کے علم میں نہ آنا حیران کن ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ درحقیقت، بھارتی ایجنسیاں احسان اللہ احسان کا نام استعمال کرتے ہوئے اپنی ہی جعلی خبریں پھیلا رہی ہیں، احسان اللہ احسان کا مضمون ثابت کرتا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کے ساتھ ساتھ دہشتگردی بھی کر رہا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق احسان اللہ احسان کا مضمون اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان کے ہاتھوں مار کھانے کے باوجود خطے کے امن کا دشمن بنا ہوا ہے، بھارتی ایجنسیاں بھرپور کوششوں کے باوجود دنیا کے سامنے اپنے دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی اور سرپرستی چھپا نہیں سکتیں۔