وفاقی وزیر اطلات و نشریات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو جنگ میں منہ کی کھانی پڑی تو اب دشمن اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان پر حملہ آور ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روایتی جنگ میں بھارت کو تاریخ کی بدترین شکست ہوئی، یہ پراکسیز کوئی مسئلہ نہیں ہیں، ہم نے تمہارے براہموس، رافیل اور ایئربیسز کو نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیے: خضدار اسکول بس حملہ: 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید، متعدد بچے زخمی
عطا تارڑ نے بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایوان کی طرف سے بچوں پر حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پوری قوم بھارتی پراکسیز کو بھی شکست دے گی، جب تک دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے واقعے کا پتا کررہے ہیں اس کے پیچھے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس حملے میں کچھ بچے زخمی ہیں، کچھ بچے شدید زخمی ہیں اور انتہائی نگہداشت میں ہیں، ہم ان کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: خضدار میں لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کا حملہ، 4 اہلکار شہید
واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں میں دہشتگردوں نے آج بچوں کی اسکول بس کو نشانہ بنایا جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 3 بچے اور 2 افراد شہید ہوئے جبکہ متعدد بچے زخمی ہوئے ہیں۔