مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی، گزشتہ روز کی برسات میں مرنے والوں کی تعداد 15 ہوگئی

اتوار 25 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے اتوار کے روز اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

خیبرپختونخوا، پنجاب اور شمالی بلوچستان کے کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی کو سمندری طوفان کا خطرہ؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔

صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران کچھ علاقوں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں، شدید بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے، جس سے روزمرہ کی زندگی اور سفر میں خلل پڑ سکتا ہے۔

پنجاب کے شمالی اور وسطی اضلاع میں بھی ایسے ہی موسم کی توقع ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور خوشاب میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دیگر متاثرہ علاقوں میں سرگودھا، میانوالی، جہلم، حافظ آباد اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش و ژالہ باری، موسم خوشگوار ہوگیا

منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش کا امکان ہے جب کہ لاہور، قصور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

جنوبی اضلاع بھکر، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور لیہ میں بھی ایسے ہی حالات دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

اس دوران سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

ساحلی علاقوں کو دوپہر کے دوران تیز اور گرد آلود ہواؤں کا سامنا کرنے کی توقع ہے، جو ممکنہ طور پر مرئیت اور ہوا کے معیار کو متاثر کرے گی۔

پی ایم ڈی نے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار، آواران، لورالائی اور لسبیلہ سمیت شمالی اور وسطی بلوچستان کے علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام بالخصوص کسانوں اور مسافروں کو محتاط رہنے اور موسم کے انتباہات سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ حساس اضلاع کے حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے نتیجے میں پنجاب کے مختلف علاقوں میں حادثات کے دوران افراد جاں بحق افراد کی تعداد15 ہوگئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp