بھارت نے دوبارہ جارحیت کی حماقت کی تو ہمارا ردعمل پہلے سے زیادہ شدید ہوگا، ترجمان پاک فوج

اتوار 25 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ امن پسند لوگوں کے طور پر امن ہماری پہلی ترجیح ہے، لیکن اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی حماقت کی تو ہمارا ردعمل پہلے سے زیادہ شدید ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے طلبہ سے ملاقات کی اور کہا کہ بھارت نے سوچا تھا ہم حملہ کریں گے اورپاکستان کا ردعمل نہیں آئے گا لیکن اپ سب ہمارے آہنی دیوار بن کر کھڑے ہوگئے جس سے ہم نے مودی اور ہندوستان کی حکمت عملیوں کو غلط ثابت کیا۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان،افغانستان اور چین ایک ہوگئے، انڈیا شدید تنہائی کا شکار

انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو جن ہوائی اڈوں سے بھارتی طیارے اڑے ان اڈوں کو تباہ کردیا، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے فیصلہ کیا کہ بھارت کے 26 مقامات پر ان کو جواب دوں گا، آزاد کشمیر کے علاقے مظفرآباد میں بھارتی شیلنگ سے 7 سال کا ارتضیٰ شہید ہوا تو جس بریگیڈ ہیڈکوارٹر کی شیلنگ سے ارتضیٰ شہید ہوا تھا ہم نے اسے تباہ کردیا۔

پاک فوج کے ترجمان نے طالب علموں سے پوچھا کہ کیا آپ کی فوج نے کسی ایک سویلین انفرااسٹرکچر یا کسی ایک شہری آبادی کو نشانہ بنایا؟ ہم امن پسند ہیں، امن کو ترجیح دیتے ہیں، ہمارا پہلا انتخاب امن ہے، لیکن اگر بھارت نے دوبارہ یہ حماقت کی تو ہمارا جواب اس سے بھی شدید ہو گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ خطے اور پاکستان میں جتنی دہشتگردی ہوتی ہے اس کے پیچھے بھارت کاچہرہ ہے۔ جو مساجد کو شہید کرتے ہیں، لوگوں کو ذبح کرتے ہیں ان کا اسلام، خیبرپختونخوا اور پختونوں کی روایات سےکوئی تعلق نہیں، یہ دہشتگرد انڈیا کے پیروکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت نے ہمارا پانی روکا تو ایسا ردعمل دیں گے جس کے نتائج دہائیوں تک محسوس کیے جائیں گے، ترجمان پاک فوج

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے، لیکن ان کی اشرافیہ کو انڈیا پیسہ دے کر خریدتا ہے اور پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے، اپنے افغان بھائیوں سے کہتے ہیں کہ دہشتگردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دو۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اسلام میں کفر اور حق آپس میں اکٹھے نہیں ہو سکتے، لیکن دہشتگرد اس ہندوستان سے مدد مانگتے ہیں جہاں کشمیر کی بچیوں کی عزت کو پامال کیا جاتا ہے، خارجی نور ولی کہتا ہےکہ شریعت میں اجازت ہے کہ آپ کافر سے مددلے سکتے ہیں۔

آخر میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بہادر عوام اور قبائل سے کہتا ہوں کہ آج دوبارہ وقت آگیا ہے، کشمیر بنے گا پاکستان۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp