بلاول بھٹو کی اقوام متحدہ کے صدر سے ملاقات، بھارتی جارحیت پر شدید تحفظات کا اظہار

بدھ 4 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی پارلیمانی وفد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فِیلیمون یانگ سے ملاقات کی۔ ترجمان پاکستانی مستقل مشن کے مطابق یہ ملاقات جنوبی ایشیا میں پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتِ حال کے تناظر میں ہوئی۔

وفد کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کر رہے تھے۔ وفد نے بھارتی جارحانہ اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتِ حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بلاول بھٹو زرداری نے جنرل اسمبلی کے صدر کو خطے کی بگڑتی ہوئی سلامتی کی صورتِ حال سے آگاہ کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے بلا تحقیق اور جلد بازی میں پاکستان پر عائد کیے گئے بے بنیاد الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی جارحیت اور علاقائی امن پر عالمی رائے ہموار کرنے بلاول بھٹو کا وفد نیویارک میں متحرک

انہوں نے کہا کہ بھارت کے حالیہ فوجی اقدامات، عام شہریوں کو نشانہ بنانا اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی، بین الاقوامی قوانین اور بین الریاستی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے ذمہ دارانہ، اصولی اور تحمل پر مبنی مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے امن، علاقائی استحکام اور کثیرالطرفہ تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر ممکن نہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی بحالی میں کردار ادا کرے اور پاکستان و بھارت کے درمیان جامع مذاکرات کے آغاز کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری سے برطانوی سیکریٹری خارجہ کی ملاقات

وفد نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے سنگین انسانی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اور یہ ایک خطرناک نظیر قائم کرے گا، جو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے اور پانی کی جنگوں کی راہ ہموار کرے گا۔

وفد نے مزید زور دیا کہ بھارت کی بلااشتعال جارحیت کو نیا معمول نہیں بننے دینا چاہیے، کیونکہ یہ قوانین پر مبنی بین الاقوامی نظام کو مجروح کرے گا۔ معاہدوں کی حرمت اور ان پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر نے اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کی مسلسل شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کا واحد راستہ مکالمہ اور سفارت کاری ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

لبنان کی کشیدہ صورتحال، بیروت سے 170 پاکستانی مزدوروں کا محفوظ انخلا

رمضان کے آخری جمعہ پر بھی فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخلہ نہ مل سکا

اسلام آباد پولیس کی کارروائی میں ڈکیت گینگ کا رکن زخمی حالت میں گرفتار

سعودی عرب میں ابتدائی اسلامی دور کے شہر قُرح کے آثار، تجارتی اور سماجی رونق کی داستان

مکہ اور مدینہ کے درمیان حرمین ریلوے کی سروسز میں اضافہ، حجاج کی سہولت کے لیے اہم قدم

ویڈیو

اسٹریس اور ذہنی دباؤ سے نجات کے لیے سجدہ ایک بہترین روحانی اور نفسیاتی ذریعہ

یوتھ کلائمیٹ کیٹالسٹس، نوجوانوں کے ٹیکنالوجی سے بھرپور حیرت انگیز اقدامات

ایران کا سپریم لیڈر کیسے منتخب ہوتا ہے، اس کے پاس کیا اختیار ہوتا ہے؟، امریکا و اسرائیل کو بڑا دھچکا

کالم / تجزیہ

دوستی کا نیا چراغ

درگاہ گاجی شاہ اور جن نکالنے کے کرتب

اداکارہ صحیفہ جبار کو معافی مانگنی چاہیے