بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی کینیڈا میں منعقدہ جی 7 سمٹ میں آمد پر سکھوں نے تاریخی احتجاج کا منصوبہ تیار کرلیا۔
سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کا پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہنا ہے کہ مودی کی کینیڈا ایئرپورٹ آمد سے ہر جگہ سکھ مظاہرین ان کا پیچھا کریں گے۔ واضح رہے کہ نریندر مودی 15 جون سے کینیڈا میں شروع ہونے والے جی سیون سمٹ میں شریک ہوں گے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ مودی کو کینیڈا میں ہرجیت سنگھ نجار کے قتل کا جواب دینا ہوگا۔ مودی کی جی سیون سمٹ آمد پر تاریخی مظاہرے کیے جائیں گے۔ دنیا کو مودی کا اصل چہرہ دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے جنگ ہارنے کے بعد مودی دنیا کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مودی کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔
سکھ رہنما نے کہا کہ جس دن مودی وزیراعظم نہ رہا، اس دن امریکا، برطانیہ، کینیڈا سمیت یورپ بھی اس پر پابندی لگائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر میں رہنے والی سکھ کمیونٹی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پریڈ دیکھنے کی دعوت مودی کے منہ پر طمانچہ ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی فوج نے بھارت کو عبرت ناک سبق سکھایا۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا علمبردار گروپ ’سکھ فار جسٹس‘ 17 اگست کو واشنگٹن ڈی سی میں ریفرنڈم کا انعقاد کرے گا۔