وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو ٹیلی فون کرکے ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت کی ہے۔
وزیر اعظم نے ایران پر اسرائیل کے بلاشتعال اور بلاجواز اسرائیلی جارحیت کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر 51 کے تحت ایران کے پاس حق دفاع موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حملے آئی اے ای اے اور عالمی قوانین کی سخت خلاف ورزی ہیں۔ امریکا نے ان تنصیبات کو نشانہ بنایا جو آئی اے ای اے کے تحت تھیں۔
یہ بھی پڑھیے: ایران پر امریکا کے حملے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کا ‘سنجیدہ مشاورت’ کے لیے روس جانے کا اعلان
انہوں نے ایران پر حملوں میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
وزیر اعظم نے پاکستان کی طرف سے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور کہا کہ سفارتکاری اور مذاکرات آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔
ایرانی صدر نے مسعود پزشکیان نے پاکستان کے لیے ایران کی حمایت کو سراہا اور اظہار یکجہتی پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔