وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ جمہوری نظام میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے، جو احتساب، شفافیت اور ایگزیکٹو کی نگرانی کو یقینی بناتی ہے۔ پارلیمان جمہوریت کا ستون ہے۔
پارلیمنٹیرینزم کے عالمی دن (30 جون) کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن دنیا بھر میں جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی آئین کے تحت خواتین کی مخصوص نشستیں مختص ہیں اور کئی خواتین پارلیمنٹیرینز آج پارلیمانی کمیٹیوں کی چیئرپرسنز کے طور پر قیادت کر رہی ہیں، جو جامع اور بااختیار نمائندگی کی مظہر ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی چوہدری نثار سے اہم ملاقات، سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال
وزیراعظم نے زور دیا کہ پارلیمنٹ نے صنفی مساوات اور سماجی تحفظ جیسے شعبوں میں قانون سازی کے ذریعے اہم کردار ادا کیا ہے، جب کہ بین الپارلیمانی یونین جیسے عالمی فورمز پر پاکستانی پارلیمنٹرینز مؤثر سفارت کاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے بعد، پاکستان کے کثیر الجماعتی وفد نے عالمی سطح پر ملکی مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر پارلیمانی شفافیت، ٹیکنالوجی کے استعمال، اور عوامی شمولیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آیئے ہم اس دن جمہوری اداروں کے استحکام، قانون سازی میں عوامی آواز کی مؤثر نمائندگی، اور شفاف طرز حکمرانی کے عزم کی تجدید کریں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی اور قطری سفرا سے ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال
فعال پارلیمان جمہوریت کی ضمانت ہے، ایاز صادق
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمان کی بالادستی ہی جمہوری نظام کے استحکام کی ضامن ہے، اور ایک فعال، شفاف اور مؤثر پارلیمان عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان ہوتی ہے۔ عالمی یومِ پارلیمنٹرینز کے موقع پر اپنے پیغام میں ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی بین الپارلیمانی یونین (IPU) کی متحرک رکن ہے، اور عالمی سطح پر جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی خودمختاری، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی اسمبلی سرگرم ہے، اور عالمی امن و ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے IPU کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
اسپیکر نے علاقائی استحکام کے لیے بین الپارلیمانی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسا تعاون باہمی افہام و تفہیم اور خطے میں دیرپا امن کی بنیاد رکھتا ہے۔