ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز، سیکریٹریز فوڈ سیکیورٹی و انڈسٹریز اور دیگر وفاقی و صوبائی اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں قبل ازیں ہونے والی مشاورت کے تناظر میں یہ فیصلہ برقرار رکھا گیا کہ پاکستان ٹریڈنگ کارپوریشن اور نجی شعبے کے ذریعے مجموعی طور پر 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کی جائے گی۔
ڈپٹی وزیراعظم نے اس موقع پر حکومت کی جانب سے عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔