امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے شام کی تنظیم ہیئت تحریر الشام (HTS)کو دہشتگرد تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔ یہ فیصلہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے 23 جون کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کیا، جس کے مطابق HTS اب دہشتگرد قرار نہیں دی جائے گی۔
تحریر الشام، جسے پہلے النصرہ فرنٹ کہا جاتا تھا، کبھی القاعدہ کی شاخ تھی، لیکن بعد میں اس نے تعلق ختم کرلیا۔ دسمبر میں صدر احمد الشعار کی قیادت میں HTS نے دیگر باغی گروپوں کے ساتھ مل کر بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹایا تھا۔
مزید پڑھیں: برطانیہ اور شام کے درمیان سفارتی تعلقات بحال، 14 سال بعد برطانوی وزیر کا پہلا دورہ دمشق
یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ٹرمپ نے شام پر عائد پرانے امریکی اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے تاکہ شام کو دوبارہ عالمی معیشت میں شامل کیا جا سکے۔
مئی میں صدر ٹرمپ اور شامی صدر احمد الشعار کی ملاقات ریاض میں ہوئی تھی، جس کے بعد یہ پالیسی تبدیلی سامنے آئی ہے۔ شامی حکومت کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔














