وزیرِاعظم شہباز شریف نے گزشتہ مالی سال 24-2025 کے دوران ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کے لیے ایک خوش آئند پیشرفت قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترسیلات زر کا نیا ریکارڈ: جون میں 3.4 ارب ڈالر، سالانہ بنیاد پر 26.6 فیصد اضافہ
وزیرِاعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے 38.3 ارب ڈالر وطن بھجوائے، جو کہ مالی سال 2023-24 کے مقابلے میں 8 ارب ڈالر زائد ہیں۔ یہ اضافہ 26.6 فیصد بنتا ہے، جو کہ پاکستان کی تاریخ میں ترسیلات زر کی بلند ترین سطح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کی قابل قدر خدمات اور ان کے پاکستانی معیشت میں اعتماد کا مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آنے والے دنوں میں کتنی افرادی قوت باہر جا سکتی ہے، پاکستان کی ترسیلات زر میں کتنا اضافہ ہوگا؟
ان کا کہنا ہے کہ حالیہ مثبت معاشی اعشاریے حکومتی پالیسیوں کی سمت درست ہونے کی عکاسی ہیں، حکومت ملک میں معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہے-