’غریب کا بیمار ہونا بھی دشوار‘، احسن اقبال کو اپنی پرانی پوسٹ پر تنقید کا سامنا کیوں؟

جمعرات 10 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتی نظر آتی تھی کہ وہ ہر محاذ پر ناکام رہے ہیں اور ان کے دورِ حکومت میں ہر چیز کی قیمتیں بڑھی ہیں جس سے غریبوں کا جینا دشوار ہو گیا ہے۔

جب 2018 میں عمران خان اقتدار میں آئے تو چند عرصے بعد ہی مسلم لیگ ن حکومت کے اقدامات خاص طور پر مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں پر نہ صرف تنقید کرتی دکھائی دیتی تھی بلکہ سوشل میڈیا پر قیمتوں کا موازنہ بھی کرتی تھی کہ ان کے دورِ حکومت میں چیزیں نسبتاً سستی تھیں اور عوام کی پہنچ میں تھیں لیکن عمران خان نے ہر چیز کی قیمت بڑھا دی ہے۔ وہ قیمتوں میں کمی کا مطالبہ بھی کرتے نظر آتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی 38 فیصد سے کم ہوکر 4فیصد رہ گئی، احسن اقبال

اب اسی قسم کی صورتحال کا سامنا ن لیگ کو کرنا پڑ رہا ہے۔ کچھ عرصے سے یہ تنقید ان پر ہو رہی ہے کہ جن چیزوں کی قیمتیں پہلے کم تھیں اب وہ دوگنا بڑھ گئی ہیں۔ حتی کے ان کے اپنے سوشل میڈیا ورکرز اور حمایتی بھی انہیں تنقید کا نشانہ بناتے نظر آتے ہیں۔

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی جنوری 2019 کی ایک ٹویٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جس میں انہوں نے ایک دوائی کی قیمت کا موازنہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ تبدیلی آ نہیں رہی آ گئی ہے۔ 548 روپے کی دوائی ایک ہی وار میں 921 روپے کی کر دی گئی ہے۔ اس کی قیمت میں تقریباً 373 روپے کا اضافہ ہوا ہے، ان کا کہنا تھا کہ غریب کے لیے جینا تو دشوار کیا اور اب بیمار ہونا بھی دشوار ہو گیا ہے۔

صحافی محمد عمیر نے اسی دوائی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے احسن اقبال سے سوال کیا کہ اب یہی میڈیسن 1780 کی ہوگئی ہے۔ غریب کے جینے اور بیمار ہونے بارے اب آپ کے کیا خیالات ہیں۔

ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اس وقت مسئلہ دوائی کی قیمت کا نہیں بلکہ اقتدار سے محرومی کا تھا۔

شہباز نامہ صارف کا کہنا تھا کہ حکومت میں آنے کے بعد آنکھوں پہ سیاہ پٹی باندھ لی جاتی پھر غریب نظر نہیں آتا۔

زین چیمہ نے لکھا کہ عمران خان کی حکومت میں ان کے والد صاحب کی ادوایت 4 سے 5 ہزار کے درمیان آتی تھیں اب وہی ادویات تقریباً 13700 کی آتی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ سرکاری دستاویز کے مطابق ایک سال کے دوران ادویات کی قیمتوں میں 15.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، سالانہ بنیادوں پر ڈینٹل سروسز 26.66 فیصد، میڈیکل ٹیسٹ 6.99 اور اسپتالوں کی سہولیات 8.3 فیصد تک مہنگی ہوئیں۔ ایک سال کے دوران اسپتالوں کی سہولیات 8.30 فیصد تک مہنگی ہوئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp