یوکرین کا اپنی خفیہ ایجنسی کے افسر کو قتل کرنے والے روسی ایجنٹس کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

اتوار 13 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یوکرین کی سیکیورٹی سروس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 2 روسی خفیہ ایجنٹس کو ہلاک کر دیا ہے جو جمعرات کو ہونے والے یوکرینی سیکیورٹی افسر ایوان وورونچ کے قتل میں ملوث تھے۔

یوکرینی حکام کے مطابق ہلاک کیے جانے والے مشتبہ مرد اور عورت واردات کے بعد روپوش ہو گئے تھے لیکن یوکرینی سیکیورٹی اور نیشنل پولیس نے ان کا سراغ لگا لیا۔

یہ بھی پڑھیے: شمالی کوریا کی یوکرین جنگ میں روس کو بھرپور حمایت اعلان لاوروف کی کم جونگ اُن سے ملاقات

یوکرینی خفیہ ایجنسی ایس بی یو کے سربراہ واسلی ملیوک کا کہنا ہے کہ خفیہ تفتیشی اور جوابی انٹیلی جنس کارروائیوں کے نتیجے میں دشمن کا ٹھکانہ دریافت کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرفتاری کے دوران دونوں روسی ایجنٹس نے مزاحمت کی جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور مجرم ہلاک ہو گئے۔

واسلی ملیوک نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میں دشمن کو یاد دلا دینا چاہتا ہوں کہ یوکرین کی سرزمین پر اس کا واحد انجام موت ہے۔ یہ ویڈیو بظاہر مشتبہ روسی ایجنٹس کی لاشوں کے سامنے ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: یوکرینی میزائل حملے میں روس کی ایلیٹ میرین یونٹ کا کمانڈر ہلاک

ایس بی یو نہ صرف یوکرین کے اندرونی سکیورٹی معاملات سنبھالتی ہے بلکہ روس کے خلاف خفیہ کارروائیوں کی بھی ذمہ دار ہے۔ گزشتہ ماہ روسی ایئرفیلڈز پر ڈرون حملہ بھی اسی ادارے نے انجام دیا تھا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب روس نے یوکرین پر حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں یوکرین پر اب تک کے سب سے بڑے ڈرون حملے کیے گئے جو اس جاری جنگ کے چوتھے سال میں داخل ہونے کا عندیہ دیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp