جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا ہدایت الرحمان نے ایک پریس کانفرنس میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ظلم و زیادتی، سرحد بندش، لاپتا افراد کی عدم بازیابی کے خلاف 25 جولائی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا آغاز کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو صبح 10 بجے ہاکی گراونڈ سے اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے: سیاسی جماعتوں نے بلوچستان کے عوام کو استعمال کیا، مولانا ہدایت الرحمان
مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ بلوچستان آج بدامنی کا بدترین شکار ہے، صوبے کی قومی شاہراہیں محفوظ نہیں اور ہر طرف خوف ہی خوف ہے، امن و امان پر 83 ارب روپے خرچ ہونے کے باوجود امن قائم نہیں ہورہا۔
انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنے کے بجائے رات کو سفر کرنے پر پابندی لگائی گئی ہے، بلوچستان کی شاہراہوں پر پکے ڈاکو گھوم رہے ہیں۔ ایپکس کمیٹی میں اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ ہوا، کرپشن، کمیشن، چوری و ڈکیتی پر کوئی کارروائی نہیں۔
یہ بھی پڑھیے: مولانا ہدایت الرحمان نے لانگ مارچ کیوں منسوخ کیا؟
مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ سرحد کی بندش سے 25 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں، اسلام آباد والوں کے فیصلوں سے لگتا ہے کہ بلوچستان کے لوگ ان کے دشمن ہے۔
اس موقع پر انہوں نے حکومت سے لاپتا افراد کا مسئلہ حل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔