کویت کا الیکٹرونک ویزا کیا ہے اور کون اپلائی کرسکتا ہے؟

پیر 14 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کویت نے ویزا کے روایتی نظام کو جدید بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے مکمل طور پر الیکٹرونک ویزا (e‑Visa) سسٹم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت دنیا بھر سے آنے والے افراد اب آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے بغیر کسی ایجنٹ یا سفارتخانے کے ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

کویتی وزارتِ داخلہ نے اس اقدام کو ’ڈیجیٹل کویت‘ وژن کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نظام سے نہ صرف وقت اور وسائل کی بچت ممکن ہوگی بلکہ عمل کو شفاف اور تیز تر بھی بنایا جائے گا، آغاز میں چار اہم ویزا کیٹیگریز کو شامل کیا گیا ہے،

سیاحتی ای ویزا

یہ ویزا ان غیرملکی سیاحوں کے لیے ہے، جو کویت کی سیر، ثقافت اور تاریخ سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، یہ 90 دن کی مدت کے لیے جاری کیا جاتا ہے اوراسے آن لائن طریقے سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

فیملی ای ویزا

کویت میں مقیم غیر ملکی شہری اگر اپنے رشتہ داروں کو بلانا چاہتے ہیں تو وہ خاندانی ویزا کے ذریعے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں، یہ ویزا 30 دن کے قیام کی اجازت دیتا ہے اور خاص طور پرعائلی ملاقاتوں کے لیے کارآمد ہے۔

بزنس ویزا

بین الاقوامی کاروباری شخصیات، سرمایہ کار یا تجارتی وفود کے لیے 30 دن کی مدت پر مشتمل یہ ویزا جاری کیا جاتا ہے۔ اس کے ذریعے کاروباری کانفرنسز، اجلاس اور تجارتی مواقعوں میں شرکت ممکن ہو پاتی ہے۔

سرکاری ویزا

یہ ویزا ان افراد یا حکومتی وفود کے لیے مختص ہے جو کویت میں کسی سرکاری دورے یا سفارتی مشن پر آنا چاہتے ہیں۔ اس کی مدت بھی 30 دن ہے اور اسے مکمل طور پر آن لائن حاصل کیا جا سکتا ہے۔

آن لائن ویزا حاصل کرنے کے لیے درخواست دہندہ کو کویتی وزارتِ داخلہ کے سرکاری پورٹل جیسے کہ e.gov.kw یا kuwaitvisa.moi.gov.kw پرجا کررجسٹریشن کرنا ہوتی ہے، رجسٹریشن کے بعد مخصوص ویزا کیٹیگری کا انتخاب کر کے ایک آن لائن فارم مکمل کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: کویت کے ویزے بحال، پاکستانیوں کے لیے روزگار کے کون سے مواقع موجود ہیں؟

جس میں ذاتی معلومات، پاسپورٹ کی اسکین شدہ کاپی اور دیگر ضروری کاغذات اپلوڈ کیے جاتے ہیں۔ اس کے بعد آن لائن فیس ادا کی جاتی ہے، جس کے بعد ایک سے 4 دن کے اندر ویزا ای میل کے ذریعے جاری کر دیا جاتا ہے، اس ویزا کو پرنٹ کرکے سفر کے دوران ساتھ رکھنا ضروری ہے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ پاسپورٹ کم ازکم 6 ماہ کے لیے کارآمد ہونا چاہیے، ورنہ درخواست مسترد کی جا سکتی ہے, یہ قدم نہ صرف ویزا کے حصول کو آسان بنائے گا بلکہ کویت کو خطے میں سیاحت، تجارت اور بین الاقوامی تعاون کا ایک مضبوط مرکز بنانے کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مستقبل میں مزید ویزا کیٹیگریز کو بھی اس نظام میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، جن میں ورک ویزا، تعلیمی ویزا اور طبی مقاصد کے ویزے شامل ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp