پنجاب حکومت کی جانب سے شہریوں کو مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ مزید وسعت اختیار کر گیا ہے، اور اب رحیم یار خان شہر بھی اس سہولت سے مستفید ہو رہا ہے۔
پیر کے روز (آج) شروع ہونے والی اس سروس کے تحت رحیم یار خان کے متعدد اہم مقامات جن میں اڈہ خانپور، سٹی پل، اسکول بازار، ریلوے اسٹیشن، جیل چوک اور اسپتال چوک شامل ہیں، پر شہریوں کو مفت وائی فائی دستیاب ہوگی۔
یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے کو ڈیجیٹل طور پر مربوط بنانا ہے۔ رحیم یار خان میں یہ نیٹ ورک دری سنگی سے چک نمبر 72 پی این تک پھیلا ہوا ہے، جو خاص طور پر طلبہ، مقامی افراد اور مسافروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ’مریم نواز فری وائی فائی‘، لوگ اسے استعمال کرنے سے منع کیوں کررہے ہیں؟
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تحت اس منصوبے کے تحت اب تک لاہور میں 200 سے زائد وائی فائی پوائنٹس جبکہ پنجاب کے 11 اضلاع میں مجموعی طور پر 270 مقامات پر یہ سروس فعال کی جا چکی ہے۔ یہ سروس پہلے ہی قصور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، اٹک، ساہیوال، اوکاڑہ اور مری میں دستیاب ہے۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق، اب تک 1 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں اور مجموعی طور پر 265 ٹیرا بائٹس سے زیادہ ڈیٹا استعمال کیا گیا ہے۔ تاہم، حکام کا کہنا ہے کہ یہ سروس ایمرجنسی کالز، ویڈیو اسٹریمنگ یا تفریحی استعمال کے لیے مختص نہیں ہے بلکہ روزمرہ کی انٹرنیٹ ضروریات کو آسان بنانے کے لیے مہیا کی گئی ہے۔