پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ وفد کے ساتھ چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ ملاقات بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ہوئی، جہاں چینی صدر نے تمام وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایس سی او کے فریم ورک میں علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نہ صرف یوریشیائی خطے پر محیط ہے بلکہ دنیا کی ایک بڑی آبادی کی نمائندگی بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے تحت باہمی تعاون، ترقی اور خطے کے استحکام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچ گئے

اسی موقع پر اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیرِ خارجہ سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ نے اس موقع پر پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی، تعلیمی اور علاقائی تعاون کو مزید تقویت دی جائے گی۔
یہ ملاقاتیں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران ہوئیں، جہاں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان نے خطے میں پائیدار ترقی، باہمی احترام اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اپنی حمایت اور عزم کا اعادہ کیا۔














