پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کے ہوتے ہوئے عمران خان رہا نہیں ہوسکتے، فیصل چوہدری

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کے ہوتے ہوئے عمران خان جیل سے رہا ہوجائیں تو میرا نام بدل دیا جائے۔

اے آر وائی کے ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ میں نے عمران خان کے سامنے کہا ہے کہ آپ کو اپنی بنائی ہوئی ٹیم پر نظرثانی کرنا پڑے گی۔ آپ اس ٹیم کے ساتھ باہر نہیں آسکتے۔ میں اس ٹی وی شو میں  آن ریکارڈ کہتا ہوں کہ موجودہ قیادت کے ہوتے ہوئے اگر بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آجائیں تو میرا نام بدل دیجیے گا۔

یہ بھی پڑھیے فیصل چوہدری کو بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر لیگل کمیٹی سے نکال دیا، سلمان اکرم راجا

انہوں نے کہا کہ اس ٹیم نے پوری کوشش کرکے عمران خان کو 2 سال تک عذاب میں ڈالے رکھا ہے۔ 14 دن ہوگئے ہیں، عمران خان مسلسل کہہ رہے ہیں کہ میرے پاس سہولتیں نہیں ہیں، اخبار بھی بند کردیے گئے ہیں۔ ٹی وی بھی بند ہے اور کتابیں بھی نہیں دی جارہی ہیں۔ بشریٰ بی بی کو بھی سہولتوں سے محروم کردیا گیا ہے۔ اس ضمن میں اس ٹیم نے ایک پٹیشن بھی دائر نہیں کی۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ  کم از کم پٹیشن کے ذریعے ریکارڈ پر لے کر آتے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ساتھ ایسا سلوک ہورہا ہے۔  خان صاحب 14، 15 دنوں سے چیخ رہے ہیں، کیا یہ سارے لوگ اس قدر مصروف ہیں کہ ایک پٹیشن دائر نہیں کرسکتے!

ایک سوال کے جواب میں فیصل چوہدری نے کہا کہ خان صاحب جیل میں ہیں، ان کے پاس وہی معلومات پہنچتی ہیں جو ہم میں سے کوئی انہیں دیتا ہے۔ وہ کون سا ٹوئٹر، سوشل میڈیا یا باقی ذرائع انہیں میسر ہیں۔ ان سے ملاقاتیں بھی کنٹرول ہوتی ہیں۔ وہاں پر وہی چمچے کڑچھے بھیجے جاتے ہیں۔

’میری دو تین ہفتے پہلے عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی۔ جب میں ان کی لیگل ٹیم میں تھا تو فیملی اور وکلا کی ملاقاتوں میں کبھی رخنہ پیدا نہیں ہوتا تھا۔ سیاسی لوگوں کی ایک ملاقات ہوئی تھی، وہ میں نے کروائی تھی۔ شاہ فرمان، عاطف خان، جنید اکبر، عالیہ حمزہ جیسے لوگ اندر گئے تھے۔ اس کے بعد پابندی لگ گئی۔ عمران خان کی بچوں سے جو بات ہوئی، اس میں میری کوششیں شامل ہیں۔ بشریٰ بی بی اور عمران خان کی ملاقات بھی میں نے کروائی تھی۔ اس کا جسٹس ڈوگر سے حکم لے کر دیا۔ میرے ہوتے ہوئے کبھی اخبارات، ٹی وی اور دیگر سہولتیں کبھی بند نہیں ہوئیں۔ ‘

یہ بھی پڑھیے عدالتی ذمہ داریوں سے فارغ عمران خان نے کیا یا علیمہ خان نے؟ فیصل چوہدری نے بتادیا

فیصل چوہدری نے کہا کہ اکتوبر 2024 میں جب میں عمران خان سے ملنے گیا تھا، اس وقت یہ لوگ ترمیم، ترمیم کھیل رہے تھے۔ اس وقت میں نے عمران خان کو زندگی میں پہلی بار داڑھی اور پھٹے  ہوئے لباس میں دیکھا۔ اس پر میں نے شور مچایا۔ عمران خان جب تک جیل میں ہیں، میرا فرض بنتا ہے کہ ان کے لیے جو کچھ ہوسکتا ہے، اپنی استطاعت کے مطابق کروں۔ اب اگر انہیں سہولتیں نہیں مل رہی ہیں تو یہ موجودہ پارٹی قیادت کی نااہلی ہے۔ مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ علیمہ بی بی نے اب تک پٹیشن کیوں دائر نہیں کی؟

انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی لیڈران خود پارلیمنٹ میں ہیں اور ان کا سائل(عمران خان) جیل میں ہے۔ پنجاب سے تحریک چلنا تھی لیکن پنجاب کے آدھے لیڈر خیبرپختونخوا میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات بھی ادھر ہی ہے، کیا کبھی وہ وہاں سے نکلا ہے؟ کبھی جھنگ گیا ہے اور وہاں سے ریلی نکالی ہے؟  کیا کبھی سیکرٹری جنرل نے لاہور میں اپنے حلقے سے ریلی نکالی ہے؟  وہاں عالیہ حمزہ ریلیاں نکالتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بندہ پی ٹی آئی میں کام کرتا ہے، پی ٹی آئی کی نومولود قیادت اس کے پیچھے پڑ جاتی ہے، اس کی ٹانگیں کھینچتی ہے، اسے بے عزت کیا جاتا ہے۔ سبب یہ ہے کہ اس نومولود قیادت کو خطرہ ہے۔ یہ پرانے لوگوں کو دیکھنا پسند نہیں کرتے۔ ان کی گردن زنی کا ان کے پاس پورا پروگرام ہے۔ گزشتہ منگل کو عالیہ حمزہ کو ہٹانے کی سازش کی گئی جو خان صاحب نے ناکام بنادی۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ مرزا آفریدی نے 9 مئی کی مذمت بھی کی، انہیں ٹکٹ مل جاتا ہے تو یہ ایک خوش آئند بات ہے۔ایسا ہوا ہے تو  پھر باقی لوگوں پر ، ہم پر کیا پابندی لگائیں گے۔ عمران اسماعیل اور علی زیدی پر کیوں پابندی لگائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے پی ٹی آئی کی قیادت ڈکٹیشن بہت لیتی ہے، فیصل چوہدری

انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ’ریلو کٹے‘ پارٹی کو چلا رہے ہیں، کیا پارٹیاں اس طرح چلتی ہیں! آپ کو ڈائریکشن کا کوئی پتہ ہی نہیں ہے۔ صبح ایک بات ہوتی ہے اور رات کو دوسری بات کرتے ہیں۔ عمران خان کی ٹویٹ پر آیا کہ پارٹی فیصلہ کرے، سلمان اکرم راجا ساری رات وہاں لڑتے رہے ہیں کہ فیصلہ ہم کریں گے، لیکن صبح بیرسٹر سیف کی ٹویٹ کی حمایت کر رہے تھے۔ سمجھ نہیں آتا کہ یہ کیا کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی ٹویٹ میں کسی نے ردوبدل کیا ہے۔ ان کی ٹویٹس میں ردوبدل ہوتا رہتا ہے۔ اب اگر سلمان اکرم راجا نے بیرسٹر سیف کی ٹویٹ کی حمایت کی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ عمران خان نے جو ٹویٹ کی تھی، وہ درست نہیں تھی۔ فیصل چوہدری کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کے پیغامات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف کی آسٹریا کے چانسلر سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

ونڈوز 10 کا دور ختم ہونے کے قریب، مائیکروسافٹ نے حتمی اعلان کردیا

مصنوعی ذہانت کے نئے قلعے: ہزاروں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر جاری، لاگت کتنی؟

ذیابیطس اسپتال پر این ایچ اے کی کارروائی، مریضوں کا علاج متاثر، سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر

ڈھاکا: تھرڈ میڈ اِن پاکستان ایگزیبیشن کا آغاز، دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا عزم

ویڈیو

7 جنگیں رکوائیں، اقوام متحدہ کہیں نظر نہیں آئی، ٹرمپ کا جنرل اسمبلی سے خطاب

افغانوں کو اپنی آدھی روٹی دی لیکن بدلے میں کلاشنکوف اور خودکش کلچر ملا، علامہ طاہر اشرفی

اسلام آباد کے نئے بلیو ایریا میں کیا سہولیات ہیں؟

کالم / تجزیہ

مریم نواز بہت بدل گئی ہیں

دفاعی معاہدہ، سیاسی امکانات

چوکیدار