پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے جمعرات کو اپنی تاریخ کا نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے 100 انڈیکس میں پہلی بار 1 لاکھ 38 ہزار پوائنٹس کی حد پار کر لی۔ کاروباری دن کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1,753 پوائنٹس کے شاندار اضافے کے ساتھ 138,133 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اس سے قبل 15 جولائی کو مارکیٹ نے دن بھر کی تجارت میں 137,747 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھوا تھا، مگر آج سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد اور بھرپور خریداری کی بدولت نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔
کاروبار کا آغاز 300 پوائنٹس کے اضافے سے ہوا جو دن بھر بڑھتا رہا۔ دن کے مختلف اوقات میں انڈیکس نے درج ذیل نمایاں پوائنٹس عبور کیے:
* آغاز کے فوری بعد 666 پوائنٹس کا اضافہ
* کچھ دیر بعد 1,072 پوائنٹس کی چھلانگ، انڈیکس 137,452 تک پہنچا
* پھر 1,475 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ انڈیکس 137,855 پوائنٹس پر گیا
* بالآخر 1,753 پوائنٹس کے کل اضافے کے ساتھ دن کا اختتام 138,133 پوائنٹس پر ہوا
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج نئی بلندیوں پر، تیزی کا طوفان مسلسل جاری
مارکیٹ کی اس تیزی میں توانائی، آئل، کھاد، اور دواسازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری نے کلیدی کردار ادا کیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سرمایہ کاروں کو 28 جولائی کو متوقع مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں ممکنہ کمی کی امید ہے جس نے مارکیٹ کے رجحان کو مثبت بنایا۔
تاہم، بعض ماہرین نے امریکی ڈالر کے 20 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر تشویش ظاہر کی ہے، جو مستقبل میں مارکیٹ پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
یہ ریکارڈ ایسے وقت پر آیا ہے جب گزشتہ 3 سیشنز میں مارکیٹ محدود دائرے میں گردش کر رہی تھی، تاہم آج کے دن نے نہ صرف یہ تسلسل توڑا بلکہ پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی تاریخ میں ایک یادگار دن رقم کر دیا۔