وفاقی وزیر علی پرویز کو پیٹرول کی قیمت میں ’تھوڑا‘ اضافہ کہنا بھاری پڑگیا

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ ڈالر کو قرار دے دیا۔

ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ چونکہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت بھی 2 روپے بڑھی ہے اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ پیٹرول کی قیمت میں تھوڑا سا اضافہ کرنا پڑا۔

علی پروز ملک نے مزید کہا کہ ہمیں لوگوں کی تکلیف کا پوری طرح احساس ہے لیکن اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو آئی ایم ایف کے ساتھ مسئلہ بن جاتا۔ بیمار معیشت کا علاج ڈسپرین سے نہیں سرجری سے ہو گا۔

سوشل میڈیا صارفین پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیوں میں اضافے کے بعد حکومت پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔ ایک صارف نے کہا کہ ڈالر کیوں بڑھا اور پچھلے مہینے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیوں کیا تھا اس بات کا جواب دیں۔

محمد عمران نامی صارف نے کہا کہ ان کے لیے تو یہ تھوڑا سا اضافہ ہوا ہے۔

اسریٰ لکھتی ہیں کہ اگر یہ تھوڑا سا اضافہ ہے تو پھر حکومت کا ’زیادہ‘ کتنا ہوتا ہوگا؟

وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیاہے۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5.36 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ ڈیزل کے ایک لیٹر کی قیمت 11 روپے 37 پیسے بڑھا دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یکم جولائی کو حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ 15 جون کو 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp