برطانوی شاہی خاندان سے 2020 میں علیحدگی کے بعد پرنس ہیری نے حال ہی میں اپنے والد بادشاہ چارلس سوم سے صلح کی کوشش کی جس پر انہیں بعض حلقوں کی طرف سے طنز اور تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم بیلجیئم کی شہزادی کی طرف سے انہیں بھرپور حمایت حاصل ہوئی ہے۔
بیلجیئم کے بادشاہ فلپ کی بیٹی شہزادی ڈلفین نے ایک انٹرویو میں پرنس ہیری کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا۔ بی بی سی کے شو میں میزبان ڈینیئل روزنی سے گفتگو کرتے ہوئے 57 سالہ شہزادی نے بتایا کہ وہ ہیری کی زندگی سے متعلق خبریں مسلسل فالو کرتی ہیں کیونکہ وہ پرنسز ڈیانا کی مداح رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: برطانوی شاہی خاندان کی باہمی رنجشیں برقرار: پرنس ہیری بڑے بھائی شہزادہ ولیم کو منانے میں ناکام رہے
یاد رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں میڈیا رپورٹس کے مطابق پرنس ہیری کے مشیر اور کنگ چارلس کے اسٹاف کے درمیان لندن میں خفیہ ملاقات ہوئی جس میں باپ بیٹے کے درمیان ممکنہ صلح پر بات چیت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ لیڈی ڈیانا میری زندگی کا حصہ تھیں جب میں انگلینڈ میں تھی۔
شہزادی ڈلفین نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیانا کی اچانک موت اور میڈیا کی جانب سے ہیری کی زندگی پر مسلسل توجہ نے اسے مزید تکلیف دی ہے۔
شہزادی نے کہا کہ مجھے ہیری کے لیے بہت افسوس ہوتا ہے کیونکہ میرے خیال میں وہ ایک تکلیف دہ وقت سے گزرا ہے۔ وہ واقعی صدمے کا شکار ہوا ہے اور اب وہ سب کچھ باہر آ رہا ہے۔
شہزادی کا کہنا تھا کہ میں ہیری کو سمجھتی ہوں۔ وہ صرف ایک صدمے میں ہے اور لوگ بغیر یہ سوچے کہ وہ اندر سے کس کرب میں ہے اس کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں، یہ واقعی افسوسناک ہے۔
شہزادی ڈلفین سابق بادشاہ البرٹ دوم کی بیٹی اور بیلجیئم کے شاہی خاندان کی ایک اہم شخصیت ہیں۔