ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے پہلے میچ میں پاکستان چیمپیئنز نے انگلینڈ چیمپیئنز کو 5 رنز سے ہرادیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں انگلینڈ چیمپیئنز مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 155 رنز بناسکی۔
قبل ازیں پاکستان نے 9 وکٹوں پر 160 رنز بنائے تھے۔ محمد حفیظ 34 گیندوں پر 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کرکٹ لیجنڈز کی عالمی چیمپئن شپ ایک بار پھر انگلینڈ میں اپنے دوسرے سیزن کے ساتھ لوٹ آئی ہے، جہاں سابقہ عظیم کھلاڑی ایک بار پھر اپنے ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ آج برمنگھم کے تاریخی ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جہاں انگلینڈ چیمپیئنز کی قیادت ایون مورگن جبکہ پاکستان چیمپیئنز کی کپتانی شاہد آفریدی کے سپرد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز: پاک بھارت ٹاکرے کے تمام ٹکٹ فروخت
میچ سے قبل افتتاحی تقریب میں معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی پرفارمنس کا انعقاد بھی کیا گیا، جس نے اس یونٹ کو مزید یادگار بنادیا۔
پاکستان چیمپیئنز پلیئنگ الیون
محمد حفیظ (کپتان)، شعیب ملک، عمر امین، شرجیل خان، کامران اکمل (وکٹ کیپر)، آصف علی، عامر یامین، وہاب ریاض، رومان رئیس، سہیل تنویر، سہیل خان،
انگلینڈ چیمپیئنز پلیئنگ الیون
ایون مورگن (کپتان)، الیسٹر کک، ایان بیل، جیمز ونس، لیام پلنکٹ، کرس ٹریملیٹ، دیمتری ماسکرینہاس، ٹم ایمبروز، ریان سائیڈ باٹم، اسٹورٹ میکر، فل مسٹرڈ ( وکٹ کیپر)
اس ٹورنامنٹ میں دنیائے کرکٹ کی چھ بڑی ٹیمیں، بھارت، پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز ، آمنے سامنے ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کا انعقاد انگلینڈ کے 4 شہروں ایجبسٹن (برمنگھم)، کاؤنٹی گراؤنڈ (نارتھمپٹن)، گریس روڈ (لیسٹر) اور ہیڈنگلے (لیڈز) میں کیا جارہا ہے۔ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 راؤنڈ روبن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جس میں ہر ٹیم باقی تمام ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے والی چار ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’جیسے کو تیسا‘ پاکستان کے ویمنز ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے سری لنکا منتقل
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا پہلا ایڈیشن 2024 میں منعقد ہوا تھا، جس میں یوراج سنگھ کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پاکستان، جس کی قیادت یونس خان نے کی، اس ایڈیشن کی نمایاں ٹیموں میں شامل رہا اور پورے گروپ اسٹیج میں حاوی رہا۔
تاہم فائنل میں پاکستان چمپیئنز کو اپنے روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 157 رنز کا ہدف دیا، لیکن بھارتی ٹیم نے پانچ وکٹوں اور پانچ گیندوں کے ساتھ یہ ہدف عبور کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔