پاکستان کی نجی ایئرلائن ایئر بلیو نے برطانیہ میں پروازیں شروع کرنے کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایئر بلیو نے یوکے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اجازت کے لیے اپروچ کیا ہے تاکہ اگست سے اسلام آباد سے مانچسٹر تک براہ راست پروازیں شروع کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا ایئر سیفٹی لسٹ سے اخراج بین الاقوامی برادری کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی
اس سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) بھی برطانیہ میں اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی خواہش ظاہر کر چکی ہے۔ دونوں ایئرلائنز اب برطانوی حکام کی منظوری کی منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی بلیک لسٹ سے خارج کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستانی ایئرلائنز پر پانچ سال سے عائد پابندی ختم ہو گئی ہے۔
یہ پیشرفت ہوابازی کے شعبے، مسافروں اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے خوش آئند قرار دی جا رہی ہے، جو طویل عرصے سے براہِ راست پروازوں کی بحالی کے منتظر تھے۔
برطانیہ کے ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں اعلان کرتے ہوئے دونوں ممالک کے ہوا بازی حکام کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور کہا میں پاکستانی ایئرلائنز کے ساتھ سفر کرنے کی منتظر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی بڑی سفارتی و فضائی کامیابی، برطانیہ نے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا
اس فیصلے کے بعد، پی آئی اے نے 3 ہفتہ وار پروازوں کے ذریعے مانچسٹر کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی کی تیاری شروع کر دی ہے، جن میں بوئنگ 777 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔