پنجاب میں حالیہ بارشوں کے دوران 119 افراد جاں بحق ہوئے، سیکریٹری ایمرجنسی سروسز

ہفتہ 19 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 سیکریٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب رضوان نصیر نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے بھر میں حالیہ بارشوں کے باعث 119 قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے نکاسیٔ آب کے عمل کو یقینی بنایا، جب کہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔

رضوان نصیر نے بتایا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے تعاون سے حالات پر قابو پایا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بچوں کو محفوظ رکھیں اور گھروں کی چھتوں کا فوری معائنہ کریں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں: مون سون کی سیلابی آفات میں پنجاب کی تیاری، خیبرپختونخوا کی کوتاہی؟

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر میں ریسکیو آپریشن جاری ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کو انہوں نے عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری کرنا ہو گی۔

رضوان نصیر نے مزید کہا کہ 2005 کے زلزلے کے وقت پاکستان میں کوئی جامع نظام موجود نہیں تھا اور ہمیں بیرونِ ملک سے امدادی ٹیموں پر انحصار کرنا پڑا تھا، لیکن آج صوبے کے تمام اضلاع میں تربیت یافتہ عملہ اور مشینری موجود ہے، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp