پنجاب میں ایگری انٹرن پروگرام کے مثبت اثرات، گندم کی پیداوار میں اضافہ

منگل 17 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب میں پہلی مرتبہ چیف منسٹر ایگری کلچر انٹرن پروگرام کے تحت 2 ہزار ایگری گریجویٹ انٹرنز کھیتوں میں موجود ہیں، جو کاشتکاروں کی رہنمائی اور معاونت کر رہے ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ان انٹرنز کی فیلڈ میں موجودگی کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں اور خاص طور پر گندم کی پیداوار میں بہتری دیکھی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو عملی زرعی تجربہ حاصل ہو رہا ہے، جبکہ بیشتر انٹرنز کو نجی شعبے میں ملازمتیں بھی مل چکی ہیں، جو اس منصوبے کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کسان کارڈ فیز ٹو کے تحت 100 ارب روپے کے بلاسود قرضے دینے پر اتفاق

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے پنجاب میں پہلی بار 4 بڑے شہروں میں ماڈل ایگری کلچر مالز قائم کیے گئے ہیں، جہاں ایک ہی چھت تلے زرعی ادویات، بیج، مشاورت اور دیگر سہولیات دستیاب ہیں۔

اسی طرح 10  مزید ایگری کلچر مالز صوبے کے مختلف علاقوں میں زیر تعمیر ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے انقلابی فیصلے

اس ضمن میں جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی متعارف کردہ زرعی اصلاحات کے باعث صوبے میں کاشتکار خوشحال ہو رہے ہیں اور زرعی پیداوار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

’بہتر آبپاشی کے لیے لیزر لینڈ لیولنگ اور بلڈوزر فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ پختہ کھالوں کی تعمیر سے پانی کے ضیاع پر قابو پایا گیا ہے اور پانی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔‘

اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت جدید زرعی اقدامات کے ذریعے کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ اور صوبے کو زرعی لحاظ سے مزید مستحکم بنانے کے لیے کام جاری رکھے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp