شادی کے 4 سال بعد خاتون کا فوٹوگرافر سے انوکھا مطالبہ

پیر 8 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک جنوبی افریقی خاتون نے اپنی شادی کے چار سال بعد اس یادگار تقریب کی تصاویر بنانے والے فوٹوگرافر سے رابطہ کرکے ایک حیران کن مطالبہ کردیا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق خاتون نے فوٹوگرافر کو ایک واٹس ایپ چیٹ کے دوران بتایا کہ ان کی طلاق ہوچکی ہے اس لیے انہیں اب شادی کی تصاویر کی ضرورت نہیں لہٰذا وہ رقم انہیں واپس کردی جائے جو تصاویر کھینچنے کے معاوضے کے طور پر ادا کی گئی تھی۔

فوٹوگرافر اور خاتون کے درمیان مذکورہ واٹس ایپ چیٹ انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہے جسے فوٹوگرافر لانس رومیو نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ فوٹوگرافر نے پہلے تو یہ سوچا کہ یہ ایک مذاق ہے لیکن بعد میں اسے احساس ہوا کہ خاتون سنجیدہ ہے اور سمجھتی ہیں کہ اب چوں کہ طلاق ہوچکی ہے اس لیے وہ ادا کی گئی رقم واپس لینے پر حق نجانب ہیں۔ تاہم فوٹوگرافر نے خاتون کی غیر معمولی درخواست کو مسترد کر دیا.

لانس رومیو کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ میں خاتون کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں میں آپ کو اب بھی یاد ہوں یا نہیں، آپ نے سنہ 2019 میں ڈربن میں میری شادی کے موقع پر میرے لیے ایک فوٹو شوٹ کیا تھا۔‘ اس نے مزید لکھا کہ میں اب طلاق یافتہ ہوں اور مجھے اور میرے سابق شوہر کو اب ان تصاویر کی ضرورت نہیں ہے۔ پھر خاتون نے اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ آپ نے ان پر بہت اچھا کام کیا لیکن اب وہ بیکار ہیں کیوں کہ اب ہم طلاق یافتہ ہیں لہٰذا آپ وہ رقم واپس کردیں۔

گو فوٹوگرافر نے خاتون کا مطالبہ ماننے سے انکار کردیا لیکن اس پر انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر جلد عدالت سے رجوع کریں گی۔

ان کی یہ ٹویٹ جلد ہی وائرل ہو گئی اور ٹویٹر پر 38,000 سے زیادہ لائکس حاصل کیے۔ جس کے بعد خاتون کے سابق شوہر نے فوٹوگرافر سے رابطہ کیا اور اپنی سابق اہلیہ کی جانب سے معافی مانگی۔

سوشل میڈیا کے بہت سے صارفین نے وائرل ٹویٹ پر تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ اگر وہ اس خاتون کے وکیل ہوتے تو شاید وہ کیس ہارنے کی صورت میں ان سے بھی وکالت کی رقم کی واپسی کا مطالبہ کرتیں۔

 

ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ ایک مذاق لگتا ہے کیوں کہ ان کی ایک خاتون دوست کی شادی ہوئی تھی اور تصاویر آنے سے قبل ہی ان کی طلاق ہوگئی لیکن اس نے تو ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp