خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر کامیاب خواتین اور اقلیتی ارکان آج شام 6 بجے حلف اٹھائیں گے۔ اس سلسلے میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی حلف برداری کی قیادت کریں گے۔ اس سے قبل فیصلہ کیا گیا تھا کہ ارکان کی حلف برداری کل صبح ہوگی لیکن اب وقت تبدیل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور ہائیکورٹ کا گورنر خیبرپختونخوا کو مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لینے کا حکم
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق آج خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا تھا تاہم کورم کی نشاندہی کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی، اور منتخب ارکان حلف نہ اٹھا سکے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسمبلی اجلاس بلانے اور حلف برداری کے لیے اسپیکر سے کہا گیا تھا، مگر حلف نہ لینے کی صورت میں الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ اور بعد ازاں گورنر سے اجلاس بلوانے کی درخواست کی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو بھی مراسلہ ارسال کیا تھا، جس میں درخواست کی گئی کہ کسی موزوں فرد کو حلف برداری کے لیے نامزد کیا جائے۔ چیف جسٹس کے حکم پر اب گورنر حلف لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کورم نہ ہونے پر ملتوی، مخصوص نشستوں پر ارکان حلف نہ اٹھا سکے
مزید برآں الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے آئی جی خیبر پختونخوا، چیف سیکرٹری اور آئی جی فرنٹیئر کانسٹیبلری کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی۔