معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر ہونے والی فائرنگ کا معمہ چوہنگ پولیس نے حل کرلیا ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث شوٹرز سمیت تمام مرکزی کرداروں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شوٹرز کی شناخت کاشف چوہان اور فرخ کے نام سے ہوئی ہے، جنہوں نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے یہ کارروائی شانی ٹائیگر نامی شخص کے کہنے پر کی، اس حملے میں 2 مزید ملزمان، عثمان اور لقمان، بھی ملوث تھے جو موٹرسائیکل سوار شوٹرز کے ساتھ ایک کار میں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ، مقدمہ درج
تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ رجب بٹ کی سوشل میڈیا پر شہزاد بھٹی نامی نوجوان سے تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد شہزاد بھٹی نے شانی ٹائیگر سے رابطہ کیا اور مبینہ طور پر فائرنگ کروائی۔
چوہنگ پولیس نے ویلنشیا سمیت مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تمام ملوث ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان کو مزید تفتیش کے لیے سی سی ڈی کے حوالے کردیا گیا ہے، جہاں ان سے واقعے کے محرکات اور دیگر ممکنہ کرداروں کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں:ٹک ٹاکر رجب بٹ کا شہری پر تشدد، ویڈیو وائرل
پولیس ذرائع کے مطابق جلد ہی مزید انکشافات کی توقع ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔