پولیس کا اصل امتحان میدانِ عمل میں ہوگا جہاں انہیں عام آدمی کو انصاف فراہم کرنا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

منگل 22 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل پولیس اکیڈمی سے خطاب کرتے ہوئے پولیس اصلاحات، تربیت اور سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم اعلانات کیے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزیرداخلہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی مکمل مرمت کا فیصلہ کر چکے ہیں، اور ہم اس ادارے کو ایک مثالی تربیت گاہ بنائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اکیڈمی میں ایسا ماحول فراہم کیا جائے گا جو کسی بھی اعلیٰ معیار کی تربیتی درسگاہ میں ہونا چاہیے۔

اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی میں 52ویں کامن بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 43 افسران نے تربیت مکمل کی، جن میں 9 خواتین افسران بھی شامل ہیں۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری بھی شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا حج کے بہترین انتظامات پر سعودی عرب سے اظہار تشکر

وزیراعظم نے کہا کہ تربیت کے بعد پولیس اہلکاروں کا اصل امتحان میدانِ عمل میں ہوگا جہاں انہیں عام آدمی کو انصاف فراہم کرنا ہے، جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، اور شہروں و دیہاتوں میں امن قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اہداف تربیت اور سہولیات کی فراہمی کے بغیر ممکن نہیں۔

وزیراعظم نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ایلیٹ فورس، سیف سٹی پراجیکٹ، انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (CTD) اور لاہور فرانزک لیب جیسے اداروں کے قیام کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد اشرافیہ نہیں بلکہ عام آدمی کو تحفظ دینا اور معاشرتی برائیوں کا خاتمہ تھا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ معیاری تربیت، بہتر رہائش اور جدید ٹریننگ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اکیڈمی میں ماسٹرز کی ڈگری کا اجرا کیا جائے گا۔ 28 ایکڑ پر محیط نئی نیشنل اکیڈمی قائم کی جا رہی ہے۔ ایلیٹ ٹریننگ اسکول اور فائرنگ رینج بھی تعمیر کی جائے گی۔ پولیس افسران کو ایک ماہ کی تربیت کے لیے چین بھیجا جائے گا۔

مزید پڑھیں: دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دینے والوں کی تضحیک کرنا سب سے بڑا جرم ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

وزیراعظم نے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دریائے جہلم میں ایک پولیس جوان نے شہریوں کی جان بچاتے ہوئے شہادت پائی۔ وطن کی آبیاری اور فرض کی ادائیگی کے لیے پولیس کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ اکیڈمی میں تمام سہولیات کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے تاکہ پولیس نظام مزید مؤثر اور عوام دوست بن سکے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا تربیت میں انقلابی اقدامات کا اعلان

تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کو ایک سال قبل دورہ کیا تو یہ خستہ حالی کا شکار تھی، یہاں نہ سٹاف تھا اور نہ سہولیات، یہ مقام گویا ڈمپنگ سٹیشن بن چکا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے ازبکستان کے سفیر کی ملاقات

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے اکیڈمی کی تزئین و آرائش پر بات کی، اور اب پی ایم اے کے طرز پر اس کا معیار بہتر بنایا جائے گا۔ محسن نقوی نے بتایا کہ اقوام متحدہ اس اکیڈمی میں اپنا پروگرام شروع کرنے جا رہا ہے، جبکہ مستقبل میں سائبر کرائم، کریمنالوجی اور دیگر جدید کورسز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ تربیت دینے والے افسران کو مناسب تنخواہیں دی جائیں گی، اور اسسٹنٹ کورس کمانڈرز بھی مقرر کیے جائیں گے تاکہ بہترین پولیس افسران تیار ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی اب ڈمپنگ سٹیشن نہیں، بلکہ جدید تربیت کا مرکز ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp