آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کی لائن آف کنٹرول سے متصل علاقے پانڈو میں انسانی آبادی پر حملہ کرنے والے خونخوار تیندوے کو بالآخر ہلاک کردیا گیا۔
ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین کے مطابق پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے درندے کو مار گرایا، جس سے مقامی آبادی کو ایک بڑے خطرے سے بچا لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے علاقے ہٹیاں بالا میں تیندوے کا حملہ، 8 سالہ بچی جاں بحق
خونخوار تیندوے کی دہشت کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ 2 روز قبل تیندوا 8 سالہ بچی کو گھر کے صحن سے اٹھا کر لے گیا تھا، جس کی لاش بعد ازاں کھیتوں سے برآمد ہوئی۔
اس کے بعد گزشتہ روز بھی اسی علاقے میں تیندوے کے حملے سے 17 سالہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا تھا۔
ایس پی مرزا زاہد حسین کا کہنا ہے کہ آج بھی تیندوا دوبارہ آبادی میں گھس آیا تھا، تاہم پاک فوج نے فوری ایکشن لیتے ہوئے جان لیوا حملوں کا سلسلہ ختم کردیا۔
مقامی شہریوں نے خونخوار تیندوے سے نجات دلانے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا، جبکہ محکمہ وائلڈ لائف کی کارکردگی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سے ریسکیو کی گئی زخمی مادہ تیندوا جاں بر نہ ہوسکی
عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے بروقت اقدامات نہ ہونے کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔














